لاہور ائیرپورٹ پر پوڈکاسٹر ریحان طارق کی گرفتاری کی اطلاعات
لاہور: سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق پوڈکاسٹر ریحان طارق کو لندن سے واپسی پر لاہور ائیرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہیں بعد ازاں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے حوالے کر دیا گیا۔
سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ریحان طارق پر اپنے ایک پوڈکاسٹ میں صحابہ کرامؓ کی شان میں مبینہ گستاخی پر شدید عوامی اور مذہبی حلقوں کے ردعمل کے بعد کارروائی کی گئی۔ مزید یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ وہ وزیر داخلہ کے میڈیا ہاؤس میں ملازمت کرتے تھے اور خود کو وزیر داخلہ کے قریبی افراد میں ظاہر کرتے تھے۔
ان ہی غیر مصدقہ دعوؤں کے مطابق ریحان طارق لندن میں مزید قیام کے خواہاں تھے، تاہم علما کے دباؤ کے باعث انہیں پاکستان واپس آنے پر آمادہ کیا گیا، جہاں لاہور ائیرپورٹ پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
تاہم ان تمام دعوؤں کی متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور سرکاری مؤقف کا انتظار ہے۔