وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایران پہنچ گئے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت

وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایران پہنچ گئے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت

تہران: وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے ہمراہ ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات اور نماز جنازہ میں شرکت کی۔

مہرآباد ایئرپورٹ پر ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی، ایران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی اور دونوں ممالک کے اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، نئیر بخاری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور دیگر پارلیمانی شخصیات بھی موجود تھیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے مرحوم رہنما کی امتِ مسلمہ اور اسلام کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان سے بھی اظہارِ یکجہتی کیا۔

دوسری جانب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں مرحوم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی ایران کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

علاوہ ازیں، سید ساجد علی نقوی، آغا جواد نقوی اور علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی قیادت میں پاکستانی علماء کے وفد نے بھی نماز جنازہ اور تعزیتی تقریبات میں شرکت کی۔

نماز جنازہ میں شرکت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اپنے سرکاری دورے کے اگلے مرحلے میں ترکیہ کے شہر استنبول روانہ ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں