گوادر: جیونی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 3 اہلکار شہید، 15 زخمی
گوادر: بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل جیونی کے علاقے پانوان میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں تین سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 15 اہلکار زخمی ہو گئے۔
ایس ایس پی گوادر عطاالرحمن خان ترین کے مطابق بارود سے بھرا ایک مزدا ٹرک چیک پوسٹ کی عمارت سے ٹکرا دیا گیا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔ حملے کے وقت چیک پوسٹ پر پاکستان آرمی اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے مجموعی طور پر 18 اہلکار موجود تھے۔
پولیس کے مطابق حملے میں پاکستان کوسٹ گارڈز کا ایک اہلکار اور پاک فوج کے دو جوان شہید ہوئے، جبکہ پاک فوج کے 7 اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے 8 اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور انسانیت دشمن کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں اور ملکی سلامتی کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے حملے بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف سازش ہیں۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات مزید تیز کیے جائیں۔