کراچی: اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ، پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما فیصل عباسی جاں بحق، دو افراد زخمی
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 10، غوثیہ چوک کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت فیصل عباسی کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا اور وہ اورنگی ٹاؤن کی یونین کمیٹی (یو سی) 20 کے صدر تھے۔
فائرنگ کے واقعے میں فہد عباسی اور فہد جمالی بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ مقتول فیصل عباسی کی عمر تقریباً 45 سال جبکہ زخمی فہد عباسی کی عمر 30 اور فہد جمالی کی عمر 42 سال بتائی گئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مومن آباد تھانے کی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا گیا اور شواہد اکٹھے کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔