پشاور میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج، دلزاک روڈ ٹریفک کے لیے بند
پشاور: پشاور کے علاقے دلزاک روڈ میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کرتے ہوئے دلزاک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات 10 بجے سے بجلی غائب ہے اور تاحال بجلی بحال نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق شام کے اوقات میں صرف چند منٹ کے لیے بجلی آتی ہے اور پھر دوبارہ بند ہو جاتی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
احتجاج میں شریک شہریوں نے بتایا کہ مسلسل ٹرپنگ کے باعث گھروں میں موجود متعدد الیکٹرانک اشیاء جل چکی ہیں، جبکہ 16 گھنٹے سے زائد مسلسل لوڈشیڈنگ نے شدید گرمی میں جینا دوبھر کر دیا ہے۔
مظاہرین کے مطابق دلزاک روڈ کے مومن ٹاؤن، سلطان کالونی، فیصل کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث پانی کی سپلائی بھی معطل ہو چکی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
احتجاج کرنے والوں نے اعلان کیا کہ جب تک بجلی مکمل طور پر بحال نہیں کی جاتی، دلزاک روڈ بند رہے گی۔