پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل، سی پیک فیز ٹو سے ترقی و خوشحالی کے نئے باب کھلیں گے،
اسلام آباد: انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے زیر اہتمام “عالمی گورننس اقدام اور سی پیک میں پاک چین مشترکہ کردار” کے موضوع پر اہم سیمینار منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے خطاب کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات محض سفارتی روابط نہیں بلکہ آہنی بھائیوں جیسے مضبوط رشتے کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کے بقول سی پیک نے دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ عوامی سطح کے تبادلوں نے تعلقات کو نئی جہت دی ہے۔
پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دوستی نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا سب سے نمایاں اور کامیاب منصوبہ ہے جس کے تحت پاکستان میں 25 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی جا چکی ہے۔ چینی سفیر نے اعلان کیا کہ چین پاکستان میں 100 واٹر سپلائی منصوبے، ایک ہزار کلاس رومز کی اپ گریڈیشن اور 10 ہزار تربیتی مواقع فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ دنیا میں قریبی دوست ممالک کے تعلقات میں بھی اتار چڑھاؤ آتا ہے لیکن پاکستان اور چین کی دوستی گزشتہ 75 برس سے مسلسل مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ابتدا میں ایک خواب تھا جو آج حقیقت بن چکا ہے اور اب اس کا دوسرا مرحلہ عوامی خوشحالی، روزگار، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر مرکوز ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ “کاریڈور آف انوویشن” کے ذریعے پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑا جائے گا جبکہ “گرین کاریڈور” قابلِ تجدید توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو اور “اڑان پاکستان” وژن ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں اور ان کا مقصد عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین خطے میں امن، استحکام، ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے تعاون جاری رکھیں گے جبکہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔
