وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزراء کی حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ ارکان کو ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے مکمل گریز کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود، تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام پر مرکوز ہے، حکومت معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح اور سفارتی محاذ پر اللہ تعالیٰ نے متعدد اہم کامیابیوں سے نوازا ہے، وفاقی حکومت ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیتی رہی ہے۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے وزراء کو ہدایت کی کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں، کابینہ کے اندر معاملات افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے آگے بڑھائے جائیں۔

وزیراعظم کے مطابق وزراء کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے، وفاقی وزراء اچھا کام کر رہے ہیں اور ان کی توجہ عوامی خدمت اور ترقیاتی امور پر ہی رہنی چاہیے۔

شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ایسی بیان بازی سے گریز اور مثبت بات چیت کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے، سیاسی استحکام کے لیے ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں