حافظ نعیم الرحمن کا بلوچستان کے عوام کو بااختیار بنانے، وسائل پر حق تسلیم کرنے اور پاک ایران گیس پائپ لائن مکمل کرنے کا مطالبہ

حافظ نعیم الرحمن کا بلوچستان کے عوام کو بااختیار بنانے، وسائل پر حق تسلیم کرنے اور پاک ایران گیس پائپ لائن مکمل کرنے کا مطالبہ

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو بااختیار بلدیاتی نظام، روزگار، تعلیم اور صوبے کے وسائل پر ان کا حق دیا جائے تو لوگ پہاڑوں سے واپس آجائیں گے، نوجوان حقوق کے حصول کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے حکومت سے پاک ایران گیس پائپ لائن مکمل کرنے، چمن سرحدی تجارت کھولنے اور بلوچستان میں امن قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔

کوئٹہ کے صادق شہید گراؤنڈ میں ’’حق دو بلوچستان‘‘ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، آئی ٹی تربیت اور کاروبار کے لیے آسان قرضے فراہم کیے جائیں، معدنی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد پر پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے۔ صوبے سے معدنیات نکال کر دور دراز علاقوں میں فیکٹریاں قائم کرنے کے بجائے بلوچستان میں صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ بلوچستان کے پچاس فیصد بچے اسکول کیوں نہیں جاتے؟ عوام کو بااختیار کیوں نہیں بنایا جاتا اور مقتدرہ سرداروں اور لٹیروں کو اقتدار میں کیوں بٹھاتی ہے؟ عوام کی رائے کا احترام کیا جائے اور انتخابی نتائج تبدیل کرکے ہارے ہوئے لوگوں کو فارم 47 کے ذریعے اسمبلیوں میں پہنچانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک پر جاگیرداروں، وڈیروں، اسٹیبلشمنٹ اور خاندانی سیاسی جماعتوں پر مشتمل اشرافیہ کا قبضہ ہے، جس نے عوام کو تقسیم کرنے کی سازشیں کیں، تاہم عوام اب اپنے حقوق کے لیے متحد ہو رہے ہیں۔ لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک میں بلوچستان کے عوام نے بھرپور حصہ لیا، پنجاب بھی بلوچستان کے ساتھ کھڑا ہے اور 29 نومبر کو مینار پاکستان لاہور کے جلسے میں پورا پنجاب اہل بلوچستان سے اظہار یکجہتی کرے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کیا جائے، مقامی گیس کی دریافت تیز کی جائے اور ورچوئل پائپ لائن کے ذریعے صوبے کے تمام علاقوں تک گیس پہنچائی جائے۔ چمن سرحدی تجارت بحال اور ایران کے ساتھ باضابطہ تجارت کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھتہ خوری کا خاتمہ اور امن کا قیام ناگزیر ہے، عوام کو زندہ رہنے کا بنیادی حق فراہم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام کوئی بڑا مسئلہ نہیں، جماعت اسلامی آئینی طریقہ کار کے تحت نئے یونٹس کی مخالف نہیں، تاہم اصل مسئلہ عوام کو بااختیار بلدیاتی نظام فراہم کرنا ہے۔ عوام جسے ووٹ دیں اقتدار اسی کو ملنا چاہیے اور انتخابی نتائج میں تبدیلی نہیں ہونی چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت محدود وسائل کے باوجود لاکھوں بچوں کو مفت آئی ٹی تربیت فراہم کر رہی ہیں تو حکومتیں یہ کام کیوں نہیں کرسکتیں؟ عوام کو ملک پر مسلط قبضہ مافیا سے نجات کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے لیوی کے خلاف ملک گیر تحریک چلا کر حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے پر مجبور کیا اور عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

جلسے سے امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ، نائب امیر شکیل روشن اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اقلیتی برادری کی بڑی تعداد نے سلمان گل کی قیادت میں شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے مشکل حالات میں کامیاب جلسے کے انعقاد پر صوبائی و ضلعی قیادت کو مبارکباد دی۔

مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پرامن سیاسی و جمہوری جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ سردار بلوچستان کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں، اسٹیبلشمنٹ سرداروں کی سرپرستی ترک کرے اور عوام کی رائے کا احترام کیا جائے۔ بلوچستان کے پہاڑ، میدان، صحرا، مارکیٹیں اور بازار عوام کی ملکیت ہیں، نوجوان پہاڑوں سے واپس آکر جماعت اسلامی کے ساتھ حقوق کی جدوجہد کریں، انہیں مایوس نہیں کیا جائے گا۔

آزادی اظہار کی تحریک کی حمایت، جماعت اسلامی پی ایف یو جے کے احتجاجی کیمپوں میں شرکت کرے گی

کوئٹہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی تحریک آزادی اظہار کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کوئٹہ میں آزادی اظہار کے احتجاجی کیمپ میں بھرپور شرکت کرے گی، ملک کے جس شہر میں بھی پی ایف یو جے کیمپ لگائے گی جماعت اسلامی کے کارکن وہاں شرکت کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے یہ یقین دہانی پی ایف یو جے، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اور کوئٹہ پریس کلب کے مشترکہ وفد سے ملاقات کے دوران کرائی۔ وفد نے انہیں 23 اور 24 نومبر کو کوئٹہ پریس کلب کے باہر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام احتجاجی کیمپ میں شرکت کی دعوت دی۔

وفد میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور الرحمٰن، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید اور جنرل سیکرٹری ایوب ترین شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں