اٹک میں فائرنگ کے مختلف واقعات، میاں بیوی سمیت دو افراد جاں بحق، متعدد زخمی

اٹک میں فائرنگ کے مختلف واقعات، میاں بیوی سمیت دو افراد جاں بحق، متعدد زخمی

اٹک اور گردونواح میں پیش آنے والے مختلف واقعات میں فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ دیگر حادثات میں ٹرک کی ٹکر سے سائیکل سوار شدید زخمی ہوا جبکہ آئل ٹینکر میں گرنے سے دو افراد متاثر ہوئے۔

فتح جنگ کھوڑ روڈ پر گھر میں سوئے ہوئے میاں بیوی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مقتولین کی شناخت 42 سالہ نعیم اور ان کی 35 سالہ اہلیہ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ مقتولین کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع دیامر سے بتایا جاتا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ دیرینہ مخالفت کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک نامزد اور تین نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ادھر تھانہ اٹک خورد کی حدود میں گوندل چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 32 سالہ ارباز احمد ولد قاضی لیاقت زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں اس کی بائیں ٹانگ پر گولی لگی۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حضرو منتقل کردیا۔ فائرنگ کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

تحصیل حضرو کے علاقے کامرہ گیٹ نمبر 2 کے قریب ٹرک کی ٹکر سے 50 سالہ سائیکل سوار نعیم ولد عبدالرزاق، سکنہ تاجہ باجہ، شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے میں اس کے سر پر گہری چوٹ آئی جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ ریسکیو 1122 نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال حضرو منتقل کردیا۔

پنڈی گھیب کے علاقے غریبوال میں آئل ٹینکر میں گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق مرگی کے مریض ایک شخص کو دورہ پڑنے کے باعث ٹینکر کا ڈھکن کھلا ہونے کی وجہ سے وہ اندر جا گرا۔ دوسرے شخص نے اسے نکال لیا، تاہم ٹینکر میں موجود گیسوں کے باعث وہ خود بے ہوش ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے روپ ریسکیو تکنیک استعمال کرتے ہوئے دوسرے شخص کو بھی بحفاظت باہر نکال لیا۔ دونوں متاثرین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی گھیب منتقل کردیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں