پشاور: پاکستان ٹیلی ویژن کے سربراہ اور سینئر صحافی عادل شاہ زیب کی مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور سے ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی موجودہ صورتحال، عوامی مسائل اور خیبرپختونخوا کے مثبت تشخص کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران عادل شاہ زیب نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ثمر ہارون بلور کو مبارکباد پیش کی، جبکہ مشیرِ اطلاعات نے ان کی پشاور آمد پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا کے عوامی مسائل کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں پاکستان ٹیلی ویژن کے کردار پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر زور دیا گیا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ذریعے خیبرپختونخوا کی حقیقی شناخت، ثقافت اور مثبت تشخص کو مؤثر انداز میں پیش کیا جائے۔
عادل شاہ زیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی و بین الاقوامی میڈیا پلیٹ فارمز پر پختونوں کی حقیقی شناخت، ثقافتی ورثے اور خیبرپختونخوا کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔