گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور کی ملاقات، امن و امان اور صوبے کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے پر زور
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گورنر نے ثمر ہارون بلور کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ صوبے کے مثبت تشخص اور سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گی۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے موقع پر کہا کہ وہ گورنر خیبرپختونخوا کے اعتماد پر پورا اترنے اور عوام کی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔
ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ بلور خاندان نے ہمیشہ اپنی سرزمین اور وطن کے لیے قربانیاں دی ہیں، جبکہ عوام کی خدمت کی روایت کو آگے بڑھانا ان کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے عوام کو خوشحال اور آباد دیکھنا ان کا خواب ہے اور خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت کرنا ان کے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اور عوام کی خوشحالی ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ پائیدار امن کے ذریعے ہی ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی کے مستحق ہیں، جبکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ثمر ہارون بلور نے عزم ظاہر کیا کہ وہ بلور خاندان کی عوامی خدمت کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت اور صوبے کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔