راولپنڈی میں خاتون اے ڈی سی پر تشدد کا الزام، شوہر گرفتار، 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
راولپنڈی میں خاتون ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز ملیحہ سحر کی جانب سے شوہر پر گھریلو تشدد، حبسِ بے جا اور دھمکیاں دینے کے الزامات کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
تھانہ ویمن پولیس نے ملیحہ سحر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق خاتون اے ڈی سی نے الزام عائد کیا کہ وہ کئی ماہ سے شوہر کے مبینہ جسمانی اور نفسیاتی تشدد کا سامنا کر رہی ہیں۔
درخواست کے مطابق 2 اکتوبر کی شام شوہر نے مبینہ طور پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، کمرے میں بند کیا اور موبائل فون بھی چھین لیا۔ درخواست گزار کے مطابق انہیں اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات سے بھی روکا گیا جبکہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
ملیحہ سحر نے پولیس سے اپنے جسم پر موجود مبینہ زخموں کے نشانات کا جائزہ لینے، جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کرنے اور انہیں دستاویزی شکل دینے کی استدعا بھی کی۔
دوسری جانب پولیس نے مقدمے میں نامزد ملزم جواد علی کو گرفتار کرلیا۔ عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
مقدمے میں خاتون اے ڈی سی نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اور ان کے بچوں کو جانی و جسمانی نقصان کا خدشہ ہے اور شوہر کو بچوں کو دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کرنے سے روکا جائے۔