امریکی افغانستان جنگ کمیشن کے وفد کی جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات

راولپنڈی: امریکی افغانستان جنگ کمیشن کے شریک چیئرمین شمائلہ این چوہدری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن کی قیادت میں وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (GHQ) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد افغانستان میں امریکا کی 20 سالہ شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان میں پاکستان کے کردار و تعاون، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افغانستان میں طویل تنازع کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتحال کو تشکیل دینے والے عوامل اور پاکستان کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس امر پر زور دیا کہ افغانستان تنازع کے اسٹریٹجک، سفارتی اور آپریشنل پہلوؤں کا جائزہ لیتے وقت خطے کے نقطۂ نظر اور پاکستان کے تجربات کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے افغانستان تنازع کے دوران پاکستان کے طویل مدتی کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں