پاکستان کا نورستان میں مبینہ تشدد سے تعلق کے افغان طالبان کے الزامات مسترد، وزارت اطلاعات نے دعوے بے بنیاد قرار دے دیے
اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے نورستان میں مبینہ تشدد کے حوالے سے افغان طالبان رجیم کے پاکستان پر الزامات کو بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
وزارت اطلاعات کے فیکٹ چیک بیان کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز یا انٹیلی جنس اداروں کا افغانستان کے صوبے نورستان یا کسی دوسرے علاقے میں داخلی جھڑپوں سے کوئی تعلق نہیں۔ سابق افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو بھرتی یا تربیت دینے اور داعش سمیت کسی دہشت گرد تنظیم کی معاونت کے الزامات بھی مسترد کیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان رجیم پاکستان کے ملوث ہونے کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی، نہ ہی کسی فرد کی شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ، فرانزک شواہد یا آزادانہ تصدیق سامنے لائی گئی ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ ویڈیو میں چند غیر مسلح افراد کو گرفتار ہوتے دکھایا گیا ہے، جو بظاہر افغان طالبان رجیم کی جانب سے پہلے سے تیار کردہ ویڈیو شوٹنگ معلوم ہوتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر غیر جانب دار بین الاقوامی اداروں کی متعدد رپورٹس افغانستان میں مختلف دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی دستاویزات فراہم کرتی ہیں۔ پاکستان کے ساتھ تعلق جوڑنے کی کوششیں افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کو حاصل پناہ گاہوں اور سازگار ماحول کی حقیقت کو چھپا نہیں سکتیں۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ یہ امر باعثِ تشویش ہے کہ افغان طالبان رجیم پاکستان پر دہشت گردی کی معاونت کے الزامات عائد کر رہی ہے، جبکہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد تنظیمیں پاکستان اور علاقائی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ بنی ہوئی ہیں۔
بیان میں افغان طالبان رجیم پر زور دیا گیا ہے کہ وہ داخلی سلامتی کے مسائل کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانے کے بجائے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی کرے اور اس عزم کی پاسداری کرے کہ افغان سرزمین پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔
وزارت اطلاعات کے مطابق غیر جامع اور غیر نمائندہ طالبان حکومت کی جانب سے ایسے الزامات داخلی اختلافات اور خواتین، بچوں اور اقلیتوں پر مبینہ جبر سے توجہ ہٹانے کی کوشش بھی ہیں۔
بیان کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ سچائی ہمیشہ جھوٹ پر غالب آتی ہے۔
ماخذ: وزارت اطلاعات و نشریات، حکومت پاکستان