نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف، یورپی یونین اور شامی صدر سے اہم ملاقاتیں

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف، یورپی یونین اور شامی صدر سے اہم ملاقاتیں

نیویارک (صحافی آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر اہم عالمی رہنماؤں اور اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں، جن میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا، یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوسٹا، یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین اور صدرِ شامی عرب جمہوریہ احمد الشرع شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات میں پاکستان کی معیشت کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ کی مسلسل معاونت کو سراہا اور آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کے لیے حکومت کی بھرپور ملکیت اور وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معیشت کو مستحکم بنانے، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کی بنیادیں استوار کرنے، اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنے اور ساختی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعمیری شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں کرسٹالینا جارجیوا کے کردار کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں جانب سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور بڑھتے ہوئے باہمی روابط کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ شامی عرب جمہوریہ احمد الشرع سے ملاقات میں شام کے ساتھ پاکستان کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے شام کی خودمختاری، اتحاد، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کے لیے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔

شہباز شریف نے شامی عوام کے لیے قومی استحکام، قومی یکجہتی، امن اور معاشی بحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور شام کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ، ادارہ جاتی طریقہ کار کو فعال بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے شام کی تعمیر نو اور معاشی بحالی میں پاکستان کی جانب سے عملی تعاون کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں جہاں وہ عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے علاوہ مختلف اہم عالمی اور علاقائی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں