وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں کویتی ولی عہد سے ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی حصے میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے، جہاں انہوں نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح خالد الحمد الصباح سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی گنجائش اجاگر کی۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں بھی شرکت کی، جہاں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ جنرل اسمبلی ہال میں موجود رہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو ’’شاندار شخصیت‘‘ قرار دیا۔ وزیراعظم دورۂ امریکہ کے دوران جنرل اسمبلی اجلاس میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔