اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا، لوڈشیڈنگ اور وولٹیج میں اتار چڑھاؤ سے شہری پریشان

اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا، لوڈشیڈنگ اور وولٹیج میں اتار چڑھاؤ سے شہری پریشان

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے مضافاتی علاقوں گولڈن ٹاؤن، جنگی سیداں، 26 نمبر، شین آباد اور ترنول میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کے وولٹیج میں اچانک اتار چڑھاؤ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

شہریوں کے مطابق شدید گرمی اور حبس کے دوران بجلی کی بار بار بندش معمول بن چکی ہے، جس کے باعث بچے، بزرگ اور بیمار افراد شدید اذیت کا شکار ہیں۔ دوسری جانب بجلی کے وولٹیج میں اچانک تیزی اور کمی کے باعث گھروں میں موجود قیمتی برقی آلات جلنے اور خراب ہونے سے شہریوں کو مالی نقصان بھی اٹھانا پڑ رہا ہے۔

متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف بجلی کے بھاری بھرکم بل باقاعدگی سے وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب بجلی کی فراہمی کا نظام مسلسل ناقص صورتحال سے دوچار ہے۔ شہریوں نے شکایت کی کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ وولٹیج کا مسئلہ بھی سنگین شکل اختیار کرچکا ہے۔

شہریوں نے وزیراعظم پاکستان، چیئرمین واپڈا اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گولڈن ٹاؤن، جنگی سیداں، 26 نمبر، شین آباد اور ترنول میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور وولٹیج میں اتار چڑھاؤ کا فوری نوٹس لیا جائے، مسئلے کے مستقل حل کے لیے اقدامات کیے جائیں اور وولٹیج کے باعث شہریوں کو ہونے والے مالی نقصان کا ازالہ یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں