سوات موٹر وے ٹنل نمبر 3 میں مسافر کوچ حادثے کا شکار، 20 افراد زخمی

ملاکنڈ: سوات موٹر وے کی ٹنل نمبر 3 میں مدین سے پشاور جانے والی ایک مسافر کوسٹر ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔

ترجمان ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا بلال احمد فیضی کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی میڈیکل ٹیمیں اور ایمبولینسیں فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد پلئی ہسپتال منتقل کیا، جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹخیلہ منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹخیلہ میں زخمیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن اور نظام الدین ٹیم نے بھی امدادی سرگرمیوں میں ریسکیو اہلکاروں کے شانہ بشانہ حصہ لیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ناصر خان موقع پر موجود رہے اور امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو بروقت اور مؤثر خدمات کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق تمام زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں