اپر اورکزئی: کالعدم تنظیموں کے درمیان مبینہ خونریز تصادم، متعدد ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات

اپر اورکزئی: کالعدم تنظیموں کے درمیان مبینہ خونریز تصادم، متعدد ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات
اپر اورکزئی: خیبرپختونخوا کے ضلع اپر اورکزئی سے موصول ہونے والی غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شام کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، کالعدم جماعت الاحرار اور کالعدم دولت اسلامیہ (داعش) کے مختلف گروہوں کے درمیان الگ الگ علاقوں میں خونریز جھڑپیں ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق اپر اورکزئی کے علاقوں ممو چینہ، کوہِ کالا گاؤں اور یخ کنڈو کے پہاڑی سلسلے میں کالعدم جماعت الاحرار اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان تصادم ہوا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس جھڑپ میں کالعدم ٹی ٹی پی کے پانچ ارکان ہلاک ہوئے، جن میں سے تین کو ذبح جبکہ دو کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ افراد مبینہ طور پر ٹی ٹی پی کے کاظم گروپ سے تعلق رکھتے تھے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گروپ کمانڈر کاظم زخمی ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دوسری جانب کوہی کلے تورکانڑے، قوم اخیل، ضلع اورکزئی میں کالعدم ٹی ٹی پی اور کالعدم داعش کے درمیان بھی مبینہ جھڑپ کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تصادم میں ٹی ٹی پی کمانڈر ساجد عرف منصور، کمانڈر اعجاز وزیر سمیت تین سے چار افراد زخمی ہوئے، جبکہ ایک مبینہ کمانڈر ذوالقرنین عرف ایوبی، قوم افغان، ہلاک ہوا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس کی لاش عبدالقیوم مسجد زرگری میں موجود ہے۔
تاہم ان تمام دعوؤں کی کسی سرکاری ادارے، ضلعی انتظامیہ یا سکیورٹی حکام کی جانب سے تاحال تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔ آزاد ذرائع سے بھی ان اطلاعات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں