ڈیرہ اسماعیل خان: انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست جاری، گرفتاری پر ایک کروڑ روپے تک انعام

ڈیرہ اسماعیل خان: انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست جاری، گرفتاری پر ایک کروڑ روپے تک انعام

ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے انتہائی مطلوب اور خطرناک دہشت گردوں کی فہرست جاری کردی ہے، جس میں مطلوب افراد کے نام، تصاویر اور گرفتاری پر مقرر سرکاری انعامی رقوم شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مطلوب دہشت گرد خودکش دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دیگر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ ان کی گرفتاری پر 5 لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک سرکاری انعام مقرر کیا گیا ہے۔

جاری فہرست کے مطابق خوارجی محمد نواز عرف نوازی کی گرفتاری پر 90 لاکھ روپے، مشعل عرف مولوی اسد اور اقبال عرف بالے کی گرفتاری پر بالترتیب 70 لاکھ اور 60 لاکھ روپے انعام مقرر ہے۔

اسی طرح عمران عرف خطاب کی گرفتاری پر 50 لاکھ، گل میر، غلام زین الدین، عبدالمنان اور انعام عرف کورے کی گرفتاری پر 40، 40 لاکھ روپے، جبکہ یاسر عرف الیاس کی گرفتاری پر 30 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔

شیر علی عرف عمر عادل، عبدالعزیز عرف خاکسار عرف طلحہ اور ذکی اللہ عرف ذکی کی گرفتاری پر بھی 70، 70 لاکھ روپے انعام مقرر ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مطلوب دہشت گردوں یا کسی بھی مشکوک سرگرمی سے متعلق معلومات فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں تک پہنچائیں۔ انتظامیہ کے مطابق اطلاع فراہم کرنے والے افراد کی شناخت ہر صورت خفیہ رکھی جائے گی۔

نوٹ: مشکوک افراد سے براہِ راست سامنا کرنے کے بجائے شہری متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کے خلاف عوامی تعاون بڑھانے کے لیے مطلوب دہشتگردوں کی فہرست اور ان پر مقرر انعامی رقوم جاری کر دی ہیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشتگردوں اور فتنۂ خوارج کی مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ کسی مطلوب دہشتگرد کی موجودگی، گرفتاری یا مؤثر معلومات فراہم کرنے والے شخص کو بھاری مالی انعام دیا جائے گا، جبکہ اطلاع دینے والے کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔
جاری کردہ فہرست میں متعدد مطلوب دہشتگردوں کے سروں کی قیمت 5 لاکھ روپے سے لے کر ایک کروڑ روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ انعامی فہرست میں ڈیرہ اسماعیل خان، کلاچی، درازندہ، درابن، پروآ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد مطلوب افراد شامل ہیں۔
حکام نے عوام سے کہا ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر 0966-9280252 پر دیں تاکہ دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں