37ویں انٹرنیشنل بائیولوجی اولمپیاڈ میں پاکستان کی شاندار کامیابی، چاندی کا تمغہ اور اعزازی سند حاصل
اسلام آباد: پاکستان نے 37ویں انٹرنیشنل بائیولوجی اولمپیاڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ اور اعزازی سند حاصل کرلی۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق عالمی مقابلہ 12 سے 19 جولائی 2026ء تک ولنیئس، لتھوانیا میں منعقد ہوا، جس میں 90 سے زائد ممالک کے 350 سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی۔
انٹرنیشنل اسکول لاہور کے طالب علم حسن عاطف چیمہ نے پاکستان کے لیے چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ کراچی گرامر اسکول کے طالب علم محمد مطاہر نے اعزازی سند حاصل کی۔
پاکستانی طلبہ کا انتخاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے مشترکہ پروگرام کے تحت کیا گیا۔ طلبہ کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر انتظام نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ میں عالمی معیار کی خصوصی رہائشی تربیت فراہم کی گئی۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر اسماء عمران اور ڈاکٹر عامر علی نے کی۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق پاکستان اب تک عالمی سائنس مقابلوں میں 144 بین الاقوامی تمغے حاصل کرچکا ہے، جبکہ 365 سے زائد پاکستانی طلبہ عالمی سائنس مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ملک میں سائنسی تعلیم، جدید تحقیق، اعلیٰ تربیت اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔