کراچی یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر وارث رضا کی بنیادی رکنیت معطل
کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نائب صدر وارث رضا کی بنیادی رکنیت معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف مالی بے ضابطگیوں اور خواتین کو ہراساں کرنے سمیت دیگر سنگین الزامات پر کارروائی کی سفارش کردی۔
کے یو جے کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق 11 جولائی 2026ء کو منعقدہ جنرل باڈی اجلاس میں وارث رضا کے خلاف پی ایف یو جے آئین کے آرٹیکل XVII کے رول 3 کے تحت کارروائی کی منظوری دی گئی۔
نوٹس میں وارث رضا پر مبینہ طور پر سیکرٹری جنرل کے عہدے کا غلط استعمال، پی ایف یو جے کے مرکزی دفتر سے مبینہ طور پر 92 لاکھ روپے کی واپسی کا جواب نہ دینا، جنرل باڈی اجلاس بلانے اور فیصلوں پر عملدرآمد میں رکاوٹ ڈالنا، سوشل میڈیا پر تنظیم کے خلاف ہرزہ سرائی اور بے بنیاد پوسٹس کے ذریعے بدنام کرنے کی کوشش، ممبر شپ کے حوالے سے فیصلوں کو متنازع بنانے اور تنظیمی امور میں مداخلت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
کے یو جے کے مطابق وارث رضا کی جانب سے تنظیم کے آئین کی خلاف ورزی اور سوشل میڈیا پر صحافیوں کو ہراساں کرنے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ وارث رضا کی بنیادی رکنیت معطل کردی گئی ہے، جبکہ ان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔
کے یو جے نے خواتین صحافیوں کو ہراساں کرنے کے الزامات پر بھی قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے کی سفارش کی ہے۔