یومِ قراردادِ الحاقِ پاکستان پر پاسبانِ حریت کے زیرِ اہتمام پروقار تقریب، قرارداد کی توثیق
مظفرآباد: سیز فائر لائن کے دونوں اطراف یومِ قراردادِ الحاقِ پاکستان عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر دارالحکومت مظفرآباد میں پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں بزرگوں، نوجوانوں، سماجی و سیاسی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران شرکاء نے 19 جولائی 1947ء کی قراردادِ الحاقِ پاکستان کے متن پر دستخط کرکے تاریخی قرارداد سے اپنی وابستگی اور حمایت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان سے یکجہتی، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔
تقریب میں ’’پاکستان کا مطلب کیا، لا الٰہ الا اللہ‘‘، ’’پاکستان سے رشتہ کیا، لا الٰہ الا اللہ‘‘، ’’اسلام کی نسبت سے ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے گونجتے رہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاسبانِ حریت جموں کشمیر عزیر احمد غزالی نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام آج بھی 19 جولائی 1947ء کی قراردادِ الحاقِ پاکستان کی بھرپور تائید و توثیق کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 19 جولائی 1947ء کی قراردادِ الحاقِ پاکستان اور 5 جنوری 1949ء کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد جموں کشمیر کی سیاسی تاریخ میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں، جنہوں نے ریاست کے عوام کے مستقبل کے تعین کے حوالے سے بنیادی اصول متعین کیے۔
عزیر احمد غزالی نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے مطالبے کی آج بھی غیر متزلزل حمایت کر رہا ہے، جس پر کشمیری عوام پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کے ترجمان شوکت جاوید میر نے کہا کہ کشمیری عوام حقِ خودارادیت کے استعمال کی صورت میں استصوابِ رائے کے ذریعے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ الحاق کو ترجیح دیں گے۔
وائس چیئرمین پاسبانِ حریت عثمان علی ہاشم نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے لازوال محبت، عقیدت اور نظریاتی وابستگی رکھتے ہیں، جبکہ ان کا رشتہ مذہب، تاریخ اور مشترکہ اقدار پر استوار ہے۔
کشمیری مہاجرین کے رہنماؤں چوہدری فیروز الدین، بلال احمد فاروقی، سرانداز میر، عرفان احمد بٹ، شیخ رشید احمد اور اسحاق شاہین نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرکے پاکستان کے ساتھ الحاق کو اپنی منزل سمجھتے ہیں۔
کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے رہنما عظمت حیات کشمیری نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیری عوام کا بے باک وکیل ہے اور عالمی سطح پر ان کے حقِ خودارادیت کی مسلسل حمایت کر رہا ہے۔
دیگر مقررین نے کہا کہ بھارت طاقت کے استعمال سے جموں کشمیر کے عوام کے جذبۂ آزادی کو ہرگز کچل نہیں سکتا اور کشمیری عوام اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
مقررین نے زور دیا کہ جموں کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ دیرینہ تنازع کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔