اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس 15 جولائی کو طلب، سوشل میڈیا اخراجات، میڈیا بحران، پی ٹی وی اور فلم “بلھے” سمیت اہم امور ایجنڈے میں شامل
اسلام آباد: سینیٹ سیکرٹریٹ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا نظرثانی شدہ نوٹس جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق کمیٹی کا اجلاس 15 جولائی 2026 بروز بدھ صبح 11 بجے اولڈ پپس ہال، پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر سید علی ظفر کریں گے۔
جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں سوشل میڈیا کے اعداد و شمار سے متعلق حالیہ رپورٹ، وفاقی حکومت کے سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا اشتہارات پر ہونے والے اخراجات، شفافیت، بجٹ کی تقسیم اور ڈیجیٹل و روایتی میڈیا کے درمیان اشتہاری فنڈز کی تقسیم کا جائزہ لیا جائے گا۔
کمیٹی ملک بھر میں مختلف میڈیا اداروں میں حالیہ چھانٹیوں، میڈیا ورکرز کی ملازمتوں، صحافتی آزادی اور میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بھی غور کرے گی۔
اجلاس میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم “بلھے” کو دیے گئے سنسر سرٹیفکیٹ پر بھی متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کی جائے گی۔ ایجنڈے کے مطابق کمیٹی اس امر کا جائزہ لے گی کہ آیا فلم کا عنوان اور اس کا مواد حضرت بابا بلھے شاہؒ کی تاریخی و روحانی شخصیت کی درست عکاسی کرتا ہے یا نہیں، اور ضرورت پڑنے پر عنوان پر نظرثانی کی سفارش بھی زیر غور آسکتی ہے۔
ایجنڈے میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سے متعلق امور بھی شامل ہیں، جن میں کنٹریکٹ ملازمین کی تعداد، عہدے، تنخواہیں، تقرریوں کا طریقہ کار اور شرائط پر تفصیلی بریفنگ طلب کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پی ٹی وی کالونی اسلام آباد کے رہائشیوں کی درخواست بھی زیر غور آئے گی۔
اجلاس میں ڈیلی پاکستان کے ایگزیکٹو ایڈیٹر کی جانب سے این سی سی آئی اے کے خلاف دائر شکایت، جس میں صحافیوں کے خلاف پیکا قانون کے مبینہ غلط استعمال اور آزادیٔ صحافت کو لاحق خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے، اس پر بھی غور کیا جائے گا۔