پیمرا کا جیو نیوز کیس میں حتمی فیصلہ، 15 روزہ معطلی برقرار، ایک کروڑ روپے جرمانہ برقرار
اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو نیوز کے پروگرام “سفرِ عشق” کی 10 محرم الحرام کی نشریات میں مذہبی تصویر کشی سے متعلق کیس کا حتمی فیصلہ جاری کر دیا۔
پیمرا اتھارٹی نے اپنے 191ویں اجلاس میں معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں کونسل آف کمپلینٹس لاہور کی سفارشات، کارروائی کا ریکارڈ، لائسنس ہولڈر کے تحریری و زبانی مؤقف، پیمرا آرڈیننس 2002، متعلقہ قواعد اور الیکٹرانک میڈیا (پروگرامز اینڈ ایڈورٹائزمنٹس) کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی متعلقہ شقوں کو مدنظر رکھا گیا۔
کونسل آف کمپلینٹس لاہور نے اس معاملے پر 30 جون، 2 جولائی اور 10 جولائی 2026 کو ہونے والے اپنے 127ویں، 128ویں اور 129ویں اجلاسوں میں غور کیا۔ جیو نیوز کے نمائندگان کا مؤقف سننے، ریکارڈ کا جائزہ لینے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو سامنے رکھتے ہوئے سفارشات پیمرا اتھارٹی کو بھجوائی گئیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جیو نیوز اور اس کے نمائندگان کو وضاحت کا مکمل اور مناسب موقع فراہم کیا گیا۔ اتھارٹی نے قرار دیا کہ متعلقہ خلاف ورزی سنگین نوعیت کی ہے جو ذمہ دارانہ نشریات کے تقاضوں اور پیمرا قوانین کے تحت لائسنس ہولڈر کی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔
پیمرا نے جیو نیوز کی جانب سے غفلت تسلیم کرنے، اظہارِ ندامت اور تمام میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر مشروط معذرت کو تخفیفی عوامل قرار دیا، تاہم واضح کیا کہ یہ عوامل خلاف ورزی یا اس کے قانونی نتائج کو ختم نہیں کرتے۔
حتمی فیصلے کے مطابق 27 جون 2026 کو جاری کیا گیا جیو نیوز کا 15 روز کے لیے لائسنس معطل کرنے کا حکم برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ معطلی آج رات 12 بجے تک مؤثر رہے گی۔ فیصلے کے مطابق چینل کی نشریات معطلی کی مدت مکمل ہونے اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی بحال کی جا سکیں گی۔
پیمرا نے جیو نیوز انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکامی کے مرتکب متعلقہ افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی مکمل کرکے انہیں ملازمت سے برطرف کیا جائے۔ اتھارٹی نے مزید کہا کہ ایسے افراد مستقبل میں پیمرا کے زیر نگرانی کسی بھی لائسنس یافتہ، رجسٹرڈ یا مجاز میڈیا ادارے سے براہِ راست یا بالواسطہ کسی بھی حیثیت میں وابستہ نہیں ہو سکیں گے۔
فیصلے میں جیو نیوز کو خبردار کیا گیا ہے کہ آئندہ اس نوعیت کی کسی بھی غفلت کی صورت میں چینل کا لائسنس منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
پیمرا نے جیو نیوز سمیت تمام لائسنس یافتگان کو ہدایت کی ہے کہ غیر جانبدار اور باصلاحیت ان ہاؤس مانیٹرنگ کمیٹی یا ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دیں، ان کی تفصیلات پیمرا کو فراہم کریں اور ہر نشریاتی مواد کی پیشگی ادارتی جانچ کو یقینی بنائیں۔
اتھارٹی نے یہ بھی اعلان کیا کہ تمام لائسنس یافتگان کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس نمبر 28 آف 2018 (PLD 2019 SC 1) کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کے لیے علیحدہ ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا۔
پیمرا نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔