چیف ایگزیکٹو آفیسر پیراپلجک سینٹر الیاس شاھد کا استعفیٰ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خط ارسال

پشاور: چیف ایگزیکٹو آفیسر پیراپلجک سینٹر کا استعفیٰ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خط ارسال

پشاور: پیراپلجک سینٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ 19 جون 2026 کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ارسال کیے گئے ایک تفصیلی خط میں انہوں نے یکم جولائی 2026 سے اپنے استعفے کے مؤثر ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ادارے سے وابستگی، خدمات اور بعض باضابطہ شکایات کا بھی ذکر کیا ہے۔

خط میں سی ای او نے لکھا کہ تقریباً پچیس برس پر محیط پیشہ ورانہ زندگی کا بڑا حصہ انہوں نے معذور اور کمزور طبقات کی خدمت کے لیے وقف کیا۔ ان کے مطابق پیراپلجک سینٹر سے علیحدگی محض ایک عہدہ چھوڑنے کا معاملہ نہیں بلکہ ان کی شناخت اور مشن سے الگ ہونے کے مترادف ہے، تاہم حالات اور ضمیر کی آواز نے انہیں یہ فیصلہ کرنے پر مجبور کیا۔

انہوں نے اپنے خط میں پیراپلجک سینٹر کی تاریخ کا بھی حوالہ دیا اور بتایا کہ ادارہ 1984 میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (ICRC) کے تعاون سے قائم ہوا تھا اور ایک وقت میں جنوبی ایشیا کا منفرد بحالی مرکز سمجھا جاتا تھا۔ تاہم 1990 کی دہائی میں مالی مشکلات، انتظامی کمزوریوں اور عدم توجہی کے باعث ادارہ زوال کا شکار ہو گیا تھا۔

استعفیٰ نامے کے مطابق 2000 کی دہائی کے آغاز میں بیرون ملک سے واپسی کے بعد انہوں نے ساتھیوں اور خیر خواہوں کی درخواست پر ادارے کی بحالی کا چیلنج قبول کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ متعدد سرکاری افسران، ملازمین اور شراکت دار اداروں کے تعاون سے پیراپلجک سینٹر کو دوبارہ فعال اور مستحکم بنانے کے لیے وسیع اصلاحات کی گئیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی قیادت میں ادارے میں اسسٹو ٹیکنالوجی مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کیا گیا، معذور افراد کے لیے خدمات کا دائرہ وسیع کیا گیا، طبی اور پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرام شروع کیے گئے، جدید طبی آلات فراہم کیے گئے، تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دیا گیا اور قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنایا گیا۔

خط میں مرحوم چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا عبداللہ، سابق چیف سیکریٹری رستم شاہ مہمند اور سابق سیکریٹری خزانہ ضیاء الرحمٰن سمیت متعدد شخصیات کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے ادارے کی ترقی اور استحکام میں کردار ادا کیا۔

سی ای او کے استعفے اور خط میں درج شکایات کے حوالے سے حکومتی سطح پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم پیراپلجک سینٹر پشاور جیسے اہم فلاحی اور بحالی کے ادارے کے سربراہ کا استعفیٰ صوبے کے صحت اور بحالی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں