خودکش دہشت گرد کو روک کر قیمتی جانیں بچانے والے لیاقت شہید ولد کریم الٰہی کی قربانی کا قومی سطح پر اعتراف،وزیراعظم پاکستان کی سفارش پر صدر پاکستان نے لیاقت شہید کے لیے ستارۂ شجاعت کی منظوری دے دی، لیاقت شہید نے اپنی جان قربان کر کے بڑے جانی نقصان کو ٹال دیا،لیاقت شہید کی جرأت، فرض شناسی اور قربانی پوری قوم کے لیے روشن مثال ہے،وزیراعظم پاکستان کی سفارش اور صدر پاکستان کی منظوری،قومی ہیرو کی عظیم قربانی کا اعتراف ہے،ستارۂ شجاعت پاکستان کا دوسرا بڑا سول اعزاز برائے بہادری ہے،لیاقت شہید نے خودکش حملہ آور کے نا پاک عزائم کے سامنے ڈٹ کر بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیاقوم اپنے بہادر سپوت لیاقت شہید کو سلام پیش کرتی ہے،لیاقت شہید کی قربانی دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بین الصوبائی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل، کوہاٹ کے قریب بہادر شہری لیاقت کا اپنی جان قربان کر کے مقامی آبادی کو بڑی تباہی سے بچانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے شہید لیاقت نے دہشت گرد کو روک کر اس کی شناخت پوچھی، شناخت پوچھنے پر دہشت گرد نے خود کو اڑا لیا اور شہید لیاقت نے بھی شہادت کا رتبہ پا لیا، شہید لیاقت کی لازوال قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، شہید لیاقت کی بروقت بہادری نے بڑے جانی نقصان کو روک دیا، شہید لیاقت نے غیر معمولی جرأت، فرض شناسی اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی، ایسے بہادر اور نڈر شہری دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی حقیقی علامت ہیں،شہید لیاقت کی قربانی قوم کے ہر فرد کے لیے مشعل راہ ہے، دہشت گردی کے ناسور کے خلاف پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،پاکستان کے بہادر عوام نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دی جائے گی۔