افغان وزیر خارجہ سے پاکستانی وفد کی ملاقات، دو طرفہ مسائل پر تبادلہ خیال
کابل.
امارت اسلامیہ افغانستان کے زیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے حکومت پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق خان اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سیاسی و اقتصادی تعاون، راہداری اور عوام سے عوام کے تبادلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امارت اسلامیہ کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے اس بات پر زور دیا کہ ٹرانزٹ روٹس اور تجارتی شعبوں میں رکاوٹیں کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہیں اور یہ ضروری ہے کہ مسائل کو ایک دوسرے سے نہ جوڑا جائے۔ وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کو زبردستی ڈی پورٹ کرنے کے بجائے بتدریج باوقار طریقے سے اپنے وطن واپسی کا انتظام کرنا چاہیے۔
پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق خان نے افغانستان میں امن کو پاکستان اور خطے کے مفاد میں قرار دیا اور افغانوں کو ویزے کی فراہمی اور ان کے پاکستان میں سفر کی سہولت کے لیے ضروری اقدامات کرنے اور تجارت اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں موجودہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے کا وعدہ کیا۔
دونوں اطراف نے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ میٹنگز اور وفود کے تبادلے پر زور دیا۔