پنجاب کی جیلوں کے اندر ٹک شاپ کے قیام کیلئے ہوم سیکریٹری پنجاب نور الامین مینگل اور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نزیر کی موجودگی میں محکمہ جیل خانہ جات پنجاب اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن پاکستان کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے۔
محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر میاں سالک جلال اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن پاکستان کی جانب سے سینئر جنرل مینیجر عنائت اللہ دولہ نے معاہدے پر دستخط کئیے ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری پریزنز عاصم رضا اور ڈائریکٹر پنجاب پریزنز فاؤنڈیشن محمد کاشف رانا بھی موجود تھے۔
اس معاہدے کے تحت پنجاب کی جیلوں میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن پاکستان کے زیرِ انتظام اسیران کی سہولت کیلئے ٹک شاپس قائم کی جائیں گی ، جہاں کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کے متعلق بھی اشیاء ضرورت دستیاب ہونگی۔ ٹک شاپس پر چائے ، کولڈ ڈرنکس ، دودھ ، دہی ، جوس ، بیکری آئٹمز ، جوشاندہ ، صابن ، ٹوتھ برش ، ٹوتھ پیسٹ ، ٹشو پیپر ، سگریٹ اور نسوار سمیت تمام اشیاء ضرورت دستیاب ہونگی۔ ٹک شاپ جیل کے اندر صُبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک اور ہفتے کے ساتوں دن کُھلی رہیں گی۔
ٹک شاپس پر خریداری کیلئے ادائیگی کے طریقہ کار کو اسیران کے پنجاب بنک میں موجود اکاؤنٹس سے لنک کیا گیا ہے ، اسیران بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے آن لائن پیمنٹ کریں گے۔ خریداری کے طریقہ کار کی شفافیت کیلئے کیش کے ذریعے ادائیگی نہیں ہو سکے گی۔
ہوم سیکرٹری پنجاب نور الامین مینگل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن پاکستان کے زیرِ انتظام پنجاب کی تمام جیلوں کے اندر قیدیوں کی سہولت کیلئے ٹک شاپس قائم کی جا رہی ہیں تاکہ گھروں سے سامان منگوانے کی بجائے قیدیوں کو معیاری اشیاء ضرورت کی کم نرخوں پر اور فوری فراہمی جیل سے ہی ممکن بنائی جا سکے۔