پارلیمانی رپورٹرز نے سپیکر قومی اسمبلی کے صحافیوں کی آزادی پر پابندیاں عائد کرنے کے احکامات کو مسترد کردیا پابندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ

پارلیمانی رپورٹرز نے سپیکر قومی اسمبلی کے صحافیوں کی آزادی پر پابندیاں عائد کرنے کے احکامات کو مسترد کردیا پابندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے میڈیا کوریج کو محدود کرنے کے اقدامات پر پی آر اے پاکستان کا ہنگامی اجلاس

پی آر اے پاکستان کا اسپیکر کی پریس ریلیز اور میڈیا سے متعلق نوٹیفکیشن پر سخت ردعمل

اسپیکر کے میڈیا کے حوالے سے پابندیوں کو پی آر اے پاکستان نے مسترد کردیا، واپس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد( 17 مئی 2024) پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا ہنگامی اجلاس صدر عثمان خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری پی آر اے پاکستان نوید اکبر نے پارلیمنٹ میں ناخوشگوار واقعات پر ارکان کو بریف کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے پارلیمنٹ کی عمارت کے اندر اور باہر میڈیا کے نمائندوں کو پیشہ ورانہ فرائض سے روکنے سے متعلق نئے ایس او پیز کو پی آر اے پاکستان نے یکسر مسترد کردیا ہے اور اس اقدام کو *”سوشل میڈیا بہانہ ہے صحافی برادری نشانہ ہے”* کے مترادف قرار دیا ہے۔

ہنگامی اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کے میڈیا پر بے جا پابندیوں اور قدغن کو آمرانہ ذہنیت کی عکاس اور حکومتی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ پی آر اے پاکستان کی باڈی نے متفقہ طور پر اسپیکر کے احکامات پر جاری مراسلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا پر بے جا پابندیوں اور قدغنوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اجلاس میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ پی آر اے پاکستان کی مشاورت کے بغیر کوئی بھی اقدام کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

پی آر اے پاکستان سمجھتی ہے کہ میڈیا سے متعلق جو بھی قواعد یا اقدام اٹھایا جائے وہ پی آر اے کی مشاورت سے کیا جائے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اسپیکر فوری طور پر مراسلے میں درج پوائنٹ 3 کو واپس لے تاکہ پی آر اے ممبران اپنی صحافتی اور پیشہ وارانہ زمہ داریاں نبھا سکیں اور اس کےلئے ساز گار ماحول فراہم کیا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ اگر پی آر اے سے مشاورت نہ کرنے اور میڈیا نمائندگان سے متعلق احکامات واپس نہ لئے گئے تو احتجاج کے لئے ہر فورم کا استعمال کیا جائے گا۔

پی آر اے پاکستان کے ہنگامی اجلاس میں صدر عثمان خان، سیکرٹری نوید اکبر، سیکرٹری خزانہ اصغر چوہدری، سینئر نائب صدر احمد نواز، سیکرٹری اطلاعات جاوید حسین، ممبر گورننگ باڈی نادر گرمانی، ممبر گورننگ جاوید نور اور ممبر گورننگ باڈی عائشہ ناز نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں