یورپ میں کشمیریوں کے ہمدرد سفیر انتھونی کرزنر انتقال کر گئے: کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید کی طرف سے اظہار تعزیت

برسلز:
یورپی یونین کے سابق سینئر سفارتکار اور کشمیریوں کے یورپی دوست اور ہمدرد ایمبیسڈر انتھونی کرزنر جمعرات کی صبح یورپی ہیڈ کوارٹر برسلز میں انتقال کر گئے۔
آنجہانی ایمبیسڈر کرزنر کشمیر کونسل یورپ (کے سی ای یو) کے سینئر ایڈوائزر بھی تھے اور انہوں نے یورپی ہیڈ کوارٹرز برسلز میں طویل عرصے تک مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کا دفاع کیا۔
اپنے ایک تعزیتی پیغام میں چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید نے کہا کہ انتہائی دکھ ہے کہ ہمارے سچے دوست اور کشمیریوں کے ہمدرد ایمبیسڈر انتھونی کرزنر دنیائے فانی سے رخصت ہوگئے۔ کشمیرکونسل ای یو کے تمام اراکین اور پوری کشمیری قوم کی جانب سے میں اس مشکل وقت میں آنجہانی کرزنر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
علی رضا سید نے کہا کہ مرحوم انتھونی کرزنر نے یورپی یونین اور دیگر یورپی اداروں میں کشمیریوں کی بھرپور حمایت کی اور یورپ میں مظلوم کشمیریوں کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد ناقابل فراموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنجہانی اتھونی ایک سفارت کار، دانشور، ہمدرد، ملنسار اور بردبار انسان تھے اور یورپ میں کشمیر کی پرامن اور سفارتی تحریک میں ہمارے ساتھ کھڑے تھے۔
علی رضا سید نے کہا کہ اپنی پرعزم کوششوں سے آنجہانی سفیر انتھونی نے ان مظلوم کشمیریوں کے دلوں میں جگہ بنائی، جنہیں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے۔
علی رضا سید نے مزید کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہماری ہمدردی آنجہانی انتھونی کرزنر کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔ اس موقع پر ان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں