یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر یونان میں ٹرانسپورٹ کی ہڑتال، بحری جہاز بندرگاہوں پر لنگر اندوز رہے، یونانی پارلیمنٹ کے سامنے ہزاروں افراد کے احتجاجی مظاہرے اور فلسظینیوں کے ساتھ زبردست یکجہتی کے مظاہرے ہوئے۔
یکم مئی یومِ مزدور کے موقع پر یونان کے چھوٹے اور بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور بس، ٹرالی، میٹرو، ٹرین اور ٹرام ہڑتال پر رہیں اور تمام بحری جہاز بھی بندرگاہوں پر لنگر اندوز رہے۔ ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث شہریوں کو زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
مزدوروں یونین اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے یونان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اجرتوں میں اضافے کیلئے ایتھنز میں یونانی پارلیمنٹ کے سامنے سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں مظلوم فلسطینیوں سے بھی زبردست اظہارِ یکجہتی کیا گیا اور نہتے فلسطیونیوں پر صیہونی بربریت کو فوری روکنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔۔۔ فلسطینیوں کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی، مظاہروں میں فلسطینی پرچم لہرائے گئے اور فلسطینی پرچم کی رنگت والے غبارے بھی فضاء میں چھوڑے گئے۔
کمیونسٹ پارٹی مزدور یونین کے عہدیداران نے پولی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے شہداء کی یادگار پر پھول بھی چڑھائے اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔