نوشہروفیروز
ریلویز پولیس نے چلتی ٹرین میں لاکھوں روپے کی چوری کی واردات ناکام بنادی
ریلویز پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے چلتی ہوئی ٹرین بزنس ایکسپریس میں لاکھوں روپے چوری کرکے بھاگنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا مدعی رحمان مظہر کراچی سے لاہور شادی میں شرکت کے لئے ٹرین بزنس ایکسپریس کی بوگی نمبر 5 کے اے سی کلاس میں فیملی کیساتھ سفر کر رہا تھا۔ دوران سفر صادق آباد اور خانیوال کے درمیان نوشہر و فیروز سے تعلق رکھنے والے ملزم اسامہ نے آرام کرنے والی خاتون مسافر کا پرس چوری کرلیا۔
پرس میں ایک لاکھ روپے، چند امریکی ڈالرز، اے ٹی ایم، جوبلی صحت، کورونہ ویکسین اور شناختی کارڈز موجود تھے۔
پرس چوری کرنے کے بعد ملزم نے خود کو باتھ روم میں چھپالیا۔ اطلاع ملتے ہی ریلویز پولیس فوری موقعہ پر پہنچ گئی۔ ریلویز پولیس ایسکارٹ اہلکار عبدالرزاق اور مدعی کو آتے دیکھ کر ملزم نے چالاکی سے پرس میں موجود رقم کو باہر نکال کر چلتی ٹرین سے باہر پھینک دیا۔
چوکی انچارج اسامہ یوسف نے دیگر پولیس ملازمان کے ہمراہ رحیم یارخان کے مقام پر ٹرین سے پھینکی گئی مسافر کی رقم کی تلاش شروع کردی اور رقم ڈھونڈ کر مسافر کے حوالے کی۔ جس پر انہوں نے ریلویز پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
ملزم کو گرفتار کرکے تھانہ ریلویز پولیس خانیوال میں مقدمہ درج کرکے ملزم کا چار روزہ ریمانڈ حاصل کیا گیا۔ دوران تفتیش ملزم نے شادی بیاه جیسی تقریبات سمیت مختلف مقامات پر چوری کا اعتراف بھی کیا۔