پیرس میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام یوم خواتین کی مناسبت سے تقریب ،پاکستانی سفیر اور ممتاز شخصیات نے شرکت کی
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارتخانے نے زونٹا انٹرنیشنل پیرس کے تعاون سے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جس میں سفارتی برادری،سرکاری حکام، اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو،پاکستان فرانس سینیٹ فرینڈ شپ گروپ کے اراکین سینیٹروائی ویٹ لوپیز اور پیری کوپر،بین الاقوامی اداروں ، سول سوسائٹی اور میڈیا سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نےتقریب سے خطاب میں ملکی آزادی اور قومی ترقی میں خواتین کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور مختلف شعبوں میں ان کی شاندار کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اسلام میں خواتین کے مقام پر بھی روشنی ڈالی جس نے خواتین کے حقوق سمیت بنیادی انسانی حقوق کا ایک جدید اور اولین فریم ورک فراہم کیا۔ انہوں نے زندگی کے تمام پہلوؤں میں صنفی مساوات کے لیے کوششیں جاری رکھنے اور ہر لڑکی اور عورت کو اپنی مکمل صلاحیتوں کے اظہار کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے صنفی مساوات اور نمائندگی کے لیے حکومت کے مثبت اقدام کے عملی مظہر کے طور پر سفارت خانے کے مختلف ونگز کی سربراہی کرنے والی خواتین افسران کے کام کی بھی تعریف کی۔
تقریب کے دوران پاکستان کی تاریخ میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی کامیاب پاکستانی لڑکیوں اور خواتین کے حوالے سے ایک تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی گئی جس نے بورڈ میں خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے تعلیم سٹیفانیا گیانینی نے عالمی سطح پر ایس ڈی جی 4 کے تحت تعلیم کے فروغ میں یونیسکو کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ملالہ فنڈ ان ٹرسٹ گرلز رائٹ ٹو ایجوکیشن پروگرام کا پاکستان، یونیسکو کے دیگر شراکت داروں کے درمیان شراکت داری کے ایک کامیاب رول ماڈل کے طور پر بھی ذکر کیا جو پاکستان اور کئی دیگر ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ہے۔
زونٹا کلب کے صدر نے خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم، نمائش اور فروغ کے لیے تنظیم کے وژن اور سرگرمیوں کو پیش کیا۔ ویکسین الائنس ’’ گاوی ‘‘ کی چیف ایگزیکٹو آفسرثانیہ نشتر اور وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کے ریکارڈ شدہ وڈیو پیغامات بھی دکھائے گئے۔اس موقع پر تین ممتاز پاکستانی فرانسیسی خواتین تبسم سلیم (سول سروس)، نغمانہ کیانی (سوشل سروس) اور شاز ملک (شاعرہ و ادیبہ) نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ یہ تقریب مارچ میں یوم پاکستان کی تقریبات کے ساتھ مل کر خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سفارت خانے کے پروگرام کا حصہ تھی جس کا مقصد فرانسیسی سامعین کو پاکستان میں خواتین کی شاندار کامیابیوں اور اہم کردار سے آگاہ کرنا تھا۔