ٹیلن نیوز کی اچانک بندش پر کے یو جے کا غم و غصے کا اظہار
ایئرسیال کے مالکان کیخلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں، فہیم صدیقی صدر کے یو جے
حکومت تمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنائے، لیاقت رانا، جنرل سیکریٹری کے یو جے
ٹیلن نیوز کے مالکان کس ایجنڈے کے تحت آئے تھے، تحقیقات ہونی چاہئیں، کے یو جے
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نجی ایئر لائن ایئرسیال کے نیوز چینل ٹیلن نیوز کی اچانک بندش پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چینل مالکان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں اور ساتھ ہی انہیں پابند کیا جائے کہ وہ صحافیوں سمیت تمام میڈیا ورکرز کے تمام واجبات فوری طور پر ادا کریں۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی اور جنرل سیکرٹری لیاقت علی رانا سمیت اراکین مجلس عاملہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں ٹیلن نیوز کو اس طرح اچانک بند کرکے مالکان نے انتہائی سنگدلی کا مظاہرہ کیا ہے صحافیوں سمیت سینکڑوں میڈیا ورکرز کے گھروں کے چولہے اچانک بھجا دیئے گئے ہیں جو کہ انتہاٸی افسوسناک ہے بادی النظر میں یوں معلوم ہوتا ہے کہ ٹیلن نیوز کے مالکان اپنے کسی ایجنڈے کو پورا کرنے کیلئے میڈیا انڈسٹری میں آئے تھے اور اس میں ناکامی یا کامیابی کے بعد انہوں نے اچانک چینل بند کردیا ممکنہ طور پر یہ بلیک منی کو وائٹ کرنے کی کوشش بھی ہوسکتی ہے تاہم اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے وفاقی وزیراطلاعات عطاءاللہ تارڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر پیمرا کے ذریعے ٹیلن نیوزکا لائسنس منسوخ کریں وفاقی یا صوبائی حکومتوں پر اگر چینل کے کوئی بقایا جات ہیں تو انہیں روک کر چینل میں کام کرنے والے تمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ان کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نیوز چینل کا بند ہونا میڈیا انڈسٹری کے ساتھ ساتھ نٸی حکومت کیلٸے بھی تشویش کا باعث ہوناچاہیے کیونکہ نٸی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی میڈیا ہاٶس کا بند ہونا اور سینکڑوں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کا بے روزگار ہوجانا کسی المیے سے کم نہیں ہے۔ کے یو جے نے حکومت سے میڈیا چینلز کے لاٸسنس کے اجرا کی پالیسی پر نظرثانی کا بھی مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مستقبل میں صرف ایسے افراد کو لاٸسنس جاری کیے جائیں جو کم از کم تین سال چینل چلانے کی صلاحیت رکھتے ہوں اور اس کی تحریری یقین دہانی بھی کرائیں۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے ٹیلن نیوز کی اچانک بندش سے بے روزگار ہونے والے تمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بھی اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے اور کہا ہے کہ کے یو جے ماضی کی طرح اس مشکل وقت میں بھی اپنے قلم اور کیمرے کے مزدور ساتھیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر فورم پر ان کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔
جاری کردہ
لیاقت علی رانا
جنرل سیکرٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس