وفاقی پولیس نے بحریہ ٹاؤن سوک سنٹر میں واقع مساج سنٹر ” بلیو سٹون اینڈ سپا” پر چھاپہ مارتے ہوئے کئی “شرفاء” کو بنا لباس کے قابل اعتراض حالت میں دھرلیا۔

اسلام آباد (شبیرسہام)
وفاقی پولیس نے بحریہ ٹاؤن سوک سنٹر میں واقع مساج سنٹر ” بلیو سٹون اینڈ سپا” پر چھاپہ مارتے ہوئے کئی “شرفاء” کو بنا لباس کے قابل اعتراض حالت میں دھرلیا۔ پولیس نے مساج سنٹر کی آڑ میں مبینہ فحاشی کے دھندے میں ملوث خواتین اور مردوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔ اس موقع پر مساج سنٹر سے پکڑے گئے ایک “صاحب” کی پولیس آفیسر سے ہونے والی گفتگو ویڈیو میں واضح طور پر سنی جاسکتی ہے۔ جو اپنا تعارف پارلمینٹ ہاؤس کے سرکاری آفیسر کے طور پر کراتے ہوئے کہتا ہے کہ میں پرویز خٹک کے ساتھ ہوتا ہوں۔ جس پر پولیس آفیسر نے انہیں کہاکہ آپ کیا چاہتے ہیں کہ ہم پرویز خٹک کو یہ بتائیں کہ آپ کا آفیسر برہنہ حالت میں خواتین کے ساتھ پکڑا گیا ہے؟ جس کے جواب میں وہ صاحب فوری بولے کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ! اور بھی جگہ ہیں غلط کام کے لئے !! پولیس آفیسر دوبارہ گویا ہوئے کہ آپ تو بات ہی نہ کریں۔ آپ کو ہم نے برہنہ حالت میں دیکھا ہے !! بعدازاں موقع سے پکڑے گئے تمام مرد و خواتین کو پولیس وین میں تھانے منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹاؤن سمیت اسلام آباد کے پوش سیکٹرز میں مساج سنٹرز کی آڑ میں عصمت فروشی کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح شیشہ سنٹرز کی بھی بھرمار ہے۔ ان “اڈوں” کی سرپرستی مبینہ طور چند نام نہاد میڈیا پرسنز کے علاوہ پولیس و انتظامیہ کے کرپٹ اہلکار کر رہے ہیں ۔جو ان سے اپنا “حصہ” وصول کرتے ہوئے بڑا فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کرپٹ عناصر کے خلاف آج تک کارروائی نہ ہوسکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں