چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ مودی کشمیریوں کو اپنے فریب کارانہ سیاسی جال میں پھنسانا چاہتا ہے لیکن وہ ہرگز اس کے جال میں نہیں آئیں گے۔

کشمیری مودی کے سیاسی جال میں ہرگز نہیں آئیں گے، علی رضا سید
برسلز:
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ مودی کشمیریوں کو اپنے فریب کارانہ سیاسی جال میں پھنسانا چاہتا ہے لیکن وہ ہرگز اس کے جال میں نہیں آئیں گے۔
مودی کے حالیہ دورے کشمیر کے بارے میں انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ کشمیری جانتے ہیں کہ ایک طرف جھوٹی مراعات کے ذریعے مودی حکومت کشمیریوں کو اپنے جال میں پھنسانا چاہتی ہے لیکن دوسری طرف اس نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق غصب کئے ہوئے ہیں۔ گزشتہ ساڑھے سات عشروں سے کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں اور بھارت نے انکی سرزمین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے۔ اب تو ۲۰۱۹ء سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو مرکز کے براہ راست کنٹرول میں لے لیا ہے جسکا مقصد کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو کچلنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی سات لاکھ قابض فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ ماورائے عدالت قتل عام جاری ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں کشمیری لاپتہ ہیں، ان میں سے بہت سے بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں جانبحق ہوچکے ہیں۔ علی رضا سید نے کہا کہ جمعرات کو مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے پر سری نگر اور مقبوضہ خطے کے دیگر حصوں میں بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیری عوام اپنے پیارے وطن پر بھارتی قبضے کے تسلسل کو قبول نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو سری نگر اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے دیگر حصوں میں مودی کے دورہ سری نگر کے خلاف بھرپور مظاہرے ہوئے۔ مودی کے دورے کے موقع پر کشمیری تاجروں نے بھی مکمل ہڑتال کی۔
علی رضا سید نے سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھارتی فوج اور پولیس کے کریک ڈاؤن اور چھاپوں کے دوران سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کی بھی مذمت کی جنہیں مودی کے دورے سے پہلے گرفتار کیاگیا۔ انہوں نے گرفتار نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے بندوق کے زور پر کشمیریوں کے حقوق سلب کر رکھے ہیں اور خاص کر مودی کے کشمیر میں مذموم عزائم نے بھارتی فوجیوں کی بربریت کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کو جہنم بنا دیا ہے۔
چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید نے کشمیری عوام کے خلاف مظالم کے خاتمے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں