بیجنگ (شِنہوا)بیجنگ کےعظیم عوامی ہال میں 14 ویں قومی عوامی کانگریس کے دوسرے سیشن کا آغاز ہوا تو وانگ یونگ چِھنگ کو بریل ورژن میں سرکاری کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جو تاریخی طور پر ملک کی اعلیٰ مقننہ میں پیش کی گئی پہلی ایسی رپورٹ ہے۔
وانگ کی انگلیاں جب ابھرے نقطوں پر گردش کررہی تھیں تو انہوں نے پرجوش لہجے میں کہا کہ یہ جمہوریت کا ایک پائیدار تجربہ ہے۔
سال 2023 میں 14 ویں قومی عوامی کانگریس کے تقریباً 3 ہزار نائبین کی 5 سالہ مدت کا آغاز ہوا تھا۔ ان میں وانگ بصارت سے محروم واحد شخص ہیں۔
وانگ 1967 میں صوبہ فوجیان کی کاؤنٹی ننگ ہوا میں پیدا ہوئے ۔ وہ 18 برس کی عمر میں ایک حادثے میں بصارت سے محروم ہو گئے تھے لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری اور مساج کے ہنر میں مہارت حاصل کرکے غیرنفع بخش تربیت فراہم کرنے کا مشکل ترین کاروباری سفر شروع کیا ۔ وہ اپنی انتھک کوششوں سے تقریباً 6 ہزار سے زائد نابینا افراد کو خود کفیل بننے میں مدد دے چکے ہیں۔
وانگ کے 14 ویں قومی عوامی کانگریس کا نائب منتخب ہونے کے بعد ملک بھر کے معذوردوستوں نے ان سے رابطہ کرکے اپنے خدشات اور امنگوں کا اظہار کیا۔
انہوں نے ہر پیغام کو بغور پڑھا اور مکمل تحقیق کرکے اپنی تجاویز تیار کیں۔
گزشتہ برس منعقدہ قومی عوامی کانگریس اجلاس میں وانگ نے 4 تجاویز پیش کی تھیں جن میں انہوں نے معذور افراد کو درپیش اہم مسائل جیسے نابینا افراد کے لئے روزگار، تعلیم اور قابل رسائی سہولیات کے قیام سے متعلق اپنی تشویش ظاہر کی تھی۔
ان کی ایک تجویز پر باقاعدہ اسکولوں میں داخلہ لینے والے ایسے طلباء کو بڑے پرنٹ کی نصابی کتابیں فراہم کی گئی تھیں جن کی نظریں کمزور ہیں جبکہ اسے بعد میں بلا رکاوٹ ماحول کی فراہمی سے متعلق ملکی قانون سازی میں شامل کیا گیا جس کا اطلاق یکم ستمبر 2023 سے ہوا ۔
وانگ کی قومی عوامی کانگریس میں پیش کردہ تجاویز پر حکام کی جانب سے جوابات انہیں گزشتہ برس نومبر میں بریل ورژن میں موصول ہوئے جو قومی عوامی کانگریس کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا موقع تھا۔
ان دستاویزات کو حاصل کرنے کے بعد وانگ نے کہا کہ وہ “انتہائی خوشی ” محسوس کر رہے ہیں۔
وانگ نے کہاکہ یہ دستاویزات قومی عوامی کانگریس کی جانب سے عوام کے لئے مکمل احترام اور قانون کے مطابق نائبین کے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنانے کی کوششوں کو ظاہر کرتی ہے۔