احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے پانامہ ریفرنسز میں دائمی وارنٹ گرفتاری چودہ مارچ تک معطل کردیئے ہیں۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے حسن اور حسین نواز کی دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری چودہ مارچ تک کیلئے معطل کردیئے۔ حسین نواز اور حسن نواز نے وکیل قاضی مصباح الحسن اور رانا عرفان ایڈووکیٹ کے ذریعے ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنسز میں درخواستیں دائر کی تھیں۔ درخواستوں میں موقف اپنایا گیا تھا کہ بارہ مارچ کو وطن واپس آنا چاہتے ہیں اور عدالت پیش ہو کر خود کو سرنڈر کرنا چاہتے ہیں، دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کیے جائیں۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے آج صبح ہی نیب کے دلائل کے بعد درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ احتساب عدالت نے سات سال قبل دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دیا تھا۔