یومِ یکجہتی کے موقع پرمظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے بلجئیم میں شمعیں روشن کی گئیں، یورپی باشندوں نے کشمیریوں کے حقوق کے بارے میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی،
بلجیم کے دارالحکومت برسلزمیں پانچ فروری کے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کل چار فروری اتوار کی شام شمعیں روشن کرکے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا گیا۔
شمعیں روشن کرنے کا یہ پروگرام کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام برسلز کے سنٹرل اسٹیشن کے قریب پلس ڈی ایل البرٹائن کے مقام پر منعقد ہوا۔ پروگرام کے دوران وہاں سے گزرنے والوں کی بڑی تعداد نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے مسائل اور ان کے حقوق کے بارے میں دلچسپی ظاہر کی۔ پروگرام کے منتظمین نے مسئلہ کشمیر اور مظلوم کشمیریوں پر بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا۔ اس دوران یورپی باشندے گروہ در گروہ آتے رہے اور کشمیریوں کے بارے میں پوچھتے رہے۔ ایک اٹالین گروپ نے کشمیری پرچم ہاتھوں میں اٹھا کر مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے پروگرام کے بارے میں بتایاکہ کشمیرکونسل ای یو ہرسال یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر برسلز میں پروگرام منعقد کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا اور دنیا کی توجہ کشمیریوں کے مصائب کی طرف دلوانا ہے۔