امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 8فروری سابقہ حکمران جماعتوں کے لیے احتساب کا دن ہوگا۔آئی ایم ایف،ورلڈ بینک کے نمائندوں کی سیاست ختم ہونے والی ہے۔ملک میں گزشتہ چالیس سالوں سے دو خاندانوں کی بادشاہت ہے،ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار مجموعی وسائل پر قابض ہیں۔دس کروڑ عوام ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی ناقص پالیسیوں اور کرپشن کے باعث غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزاررہی ہے۔اب وقت آیا ہے کہ ایوانوں میں بادشاہوں کی بجائے عام آدمی کو موقع دیا جائے تاکہ ملک میں بسنے والے غریبوں،دہقانوں،کسانوں، طالبعلموں کا استحصال نہ ہو۔جماعت اسلامی نے پارٹی ٹکٹ نوجوانوں اور عام آدمی میں تقسیم کیا،8 فروری کو کامیاب ہوکر پاکستان کو بدامنی،مہنگائی،بے روزگاری اور امریکی غلامی سے آزاد کرائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت باغ راولپنڈی میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرامیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی، عمران شفیق ایڈووکیٹ امیدوار این اے 56،احمد رضا شاہ امیدوار پی پی13،وقاص خان امیدوار پی پی 16 و دیگر قیادت بھی موجود تھی۔بعد ازاں امیر جماعت اسلامی مقامی قائدین اور نوجوانوں کے ہمراہ ریلی کی شکل میں اسلام آباد پہنچے تو جلسہ گاہ اب کی بار ترازوکے نعروں سے گونج اٹھا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا،اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے امیدواران میاں محمد اسلم این 46 ،کاشف چوہدری این اے47،ملک عبدالعزیز این اے 48 اور جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی آباد محمد زبیر صفدر بھی موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عوام سے وعدہ کیا کہ جماعت اسلامی کامیاب ہو کر انھیں قرآن و سنت کا نظام دے گی اور پاکستان کو ایک مثالی اسلامی اور فلاحی ریاست بنائے گی جس میں نظام عدل نافذ ہوگا،طبقاتی تقسیم کا خاتمہ ہوگا اور محمود وایاز ایک ہی صف میں کھڑے ہوں گے۔
امیر جماعت نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے گزشتہ چالیس برسوں سے پاکستان کے اداروں کو تباہ کیاہے،ملک میں بے روزگاری اور بدامنی کا راج ہے۔ملائیشیا نے 1965میں پاکستان کے معاشی منصوبے پر عمل کرکے ملک کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل کیا،ہمارے حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کی خاطر عام آدمی کو قرضوں تلے دبایا۔سابقہ حکمران عوام کے نہیں بلکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے نمائندے ہیں۔بیڈ گورننس،ناقص معاشی پالیسی اور کرپشن سے ملک کو نقصان ہوا۔سابقہ پی ڈی ایم عوام کو گزشتہ ادوار کی کارکردگی کی بجائے ایک دوسروں کو مناظرے کا چیلنج دے رہے ہیں۔باریوں کے انتظار میں رہنے والوں کی سیاست کا خاتمہ ہونے کو ہے۔حیرت کی بات ہے پاکستان وسائل سے مالا مال ہے،65%آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،معدنیات،پانی اور گیس کے ذخائر موجود ہیں لیکن ملک کا عام آدمی بے حال ہے،دو کروڑ پاکستانی خط غربت سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں،عام آدمی کو تعلیم کے وسائل میسر نہیں،پانی کو صاف پانی اور عدالتوں میں انصاف نہیں۔8فروری ملک میں ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار سے نجات کا دن ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 24ہزار فلسطینی شہید ہوگئے،کشمیر میں ہندوستان نے ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور وہاں کے لوگوں کو حق رائے دہی سے محروم کیا ہے،ن لیگ اور پیپلز پارٹی امریکہ کے خوف سے خاموش ہیں جبکہ جماعت اسلامی نے سوا ارب کی امداد فلسطینی بھائیوں کو بھیج دی۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان عالمی دینا میں تماشا بن گیا ہے۔جماعت اسلامی کامیاب ہوکر کشمیر،فلطین کا مقدمہ بھرپورپور طریقے سے عالمی برادری میں پیش کرے گی اور آزاد خارجہ پالیسی کے نتیجے میں تجارتی و دفاعی معاہدے کرے گی۔
امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر سب سے پہلی ضرب سودی نظام معیشت پر لگائے گی، ہم عدالتوں میں قرآن کا نظام متعارف کرائیں گے۔ ملک میں طبقاتی نظام،بے روزگاری اور بدامنی کا خاتمہ کرکے وسائل کی منصفانہ تقسیم کرے گی ہم مسجد اقصیٰ اور کشمیریوں کی آزادی کا مقدمہ پوری جرات سے لڑیں گے، ڈاکٹر عافیہ کو واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کامیابی خاندانوں کی بادشاہت کی بجائے اللہ کی بادشاہت کے قیام کے لیے ہوگی۔