برسلز میں ایک تعزیتی ریفرنس کے دوران مرحوم پروفیسر نذیرشال کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

برسلز میں ایک تعزیتی ریفرنس کے دوران مرحوم پروفیسر نذیرشال کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
برسلز:
یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں ایک تعزیتی ریفرنس کے دوران تحریک آزادی کشمیر کے اہم رہنماء پروفیسر نذیراحمد شال کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کی کشمیرکاز کے لیے گرانقدر خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کشمیرکونسل یورپ (کے۔سی۔ای۔یو) نے گذشتہ روز برسلز میں اپنے سیکریٹریٹ میں کیا۔ اس موقع پر جو شخصیات موجود تھیں، ان میں چیئرمین کشمیرکونسل یورپ علی رضا سید، سفارتخانہ پاکستان کے اقتصادی امور کے منسٹر عمرحمید، مقامی کونسلر چوہدری ناصر، سماجی شخصیات فرید خان، فیصل رضوی، چوہدری نصیر احمد، ملک پرویز، علمی و ادبی اور صحافتی شخصیات راؤمستجاب، شیراز راج، حافظ انیب راشد اور ندیم بٹ اور دیگر اہم افراد طارق محمود، سید اسلم شاہ، سید ناصر شاہ، راجہ عبدالقیوم اور مہرندیم قابل ذکر ہیں۔
تعزیتی ریفرنس کے شرکاء نے پروفیسر نذیرشال کو ان کی کشمیرکاز کے لیے مسلسل جدوجہد پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے پروفیسر نذیر احمد شال کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ مرحوم نذیر شال نے مرتے دم تک کشمیر کاز کے لیے بے لوث خدمات انجام دیں اور خاص طور پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کیا۔
چیئرمین کشمیرکونسل یورپ علی رضا سید نے کہاکہ مرحوم نے اپنی زندگی کشمیریوں کے حق اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے جدوجہد میں گزار دی۔ ان کی وفات کشمیرکاز کے لیے ایک بڑا نقصان ہے اور ان کے بچھڑنے سے آج تمام کشمیری افسردہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم اس موقع پر تمام کشمیریوں سے بالعموم اور ان کے خاندان سے بالخصوص تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل تک کشمیرکاز کا علم اٹھائے رکھیں گے۔ اس موقع پر مرحوم پروفیسر نذیر شال کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں