ٹیلی ویژن، ریڈیو اور اسٹیج کے معروف اداکار نثار قادری 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

ٹیلی ویژن، ریڈیو اور اسٹیج کے معروف اداکار نثار قادری 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
معروف اداکار نثار قادری کی نماز جنازہ پیر کو عیدگاہ گراؤنڈ چکلالہ میں ادا کی جائے گی۔
پاکستان ٹیلی ویژن کے متعدد ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف فنکار نثار قادری کچھ عرصہ سے علیل تھے، وہ آج 82 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
نثار قادری نے سوگواران میں بیوہ، 2 بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے، مرحوم کو 2016ء میں ٹی وی، ریڈیو اور اسٹیج کیلئے ان کی خدمات پر صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔
نثار قادری نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے 1966ء میں کیا تھا، انہوں نے پی ٹی وی کے کئی ڈراموں میں یادگار کردار ادا کئے، ان کی پہچان معروف ڈرامے ’’ایک حقیقت ایک افسانہ‘‘ کا مشہور ڈائیلاگ ’’ماچس ہوگی آپ کے پاس؟‘‘ بنا۔
نثار قادری کے دیگر ڈراموں میں خواہشیں، آتش، پورے چاند کی رات، آدھی دھوپ، اضطراب، انگار وادی، نجات، بہادر علی، کاروان اور سمندر شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں