الخدمت فاؤنڈیشن کے بنوقابل پروگرام کے تحت اسلام آباد میں انٹری ٹیسٹ، ہزاروں طلبہ و طالبات نے حصہ لیا سابق ایم این اے میاں اسلم، ایچ ای سی کنسلٹنٹ ڈاکٹرآفاق،شعیب ہاشمی، نصراللہ رندھاوا،حامداطہرکا میگاایونٹ سے خطاب

الخدمت فاؤنڈیشن کے بنوقابل پروگرام کے تحت اسلام آباد میں انٹری ٹیسٹ، ہزاروں طلبہ و طالبات نے حصہ لیا
سابق ایم این اے میاں اسلم، ایچ ای سی کنسلٹنٹ ڈاکٹرآفاق،شعیب ہاشمی، نصراللہ رندھاوا،حامداطہرکا میگاایونٹ سے خطاب
آئی ٹی اور ووکیشنل سمیت دیگرفری کورسز کیلئے وفاقی دارالحکومت کے 12ہزارنوجوانوں نے خود کوالخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ رجسٹرڈ کیا

اسلام آباد (  ) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے بنو قابل پروگرام کے تحت کراچی اور لاہورکے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ہزاروں نوجوان طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔سابق ممبرقومی اسمبلی ونائب امیرجماعت اسلامی پاکستان میاں محمداسلم،ایچ ای سی کنسلٹنٹ ڈاکٹرآفاق حسین،سینئرمنیجرمیڈیا ریلیشنز الخدمت شعیب احمدہاشمی،ضلعی صدر حامد اطہرملک،امیرضلع اسلام آباد نصراللہ رندھاواسمیت دیگرذمہ داران،ماہرین تعلیم،دانشوروں نے فاطمہ جناح پارک میں منعقدہ میگاایونٹ میں اظہارخیال کیا۔اس موقع پر اساتذہ،صحافیوں سمیت شہراقتدارکے مردوخواتین اورنوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔میاں محمداسلم نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے شہر اسلام آباد کے قابل نوجوانوں کو ایسا بنا دیں گے کہ نہ صرف وہ اپنی فیملی کو غربت کے اندھے کنویں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے بلکہ وطنِ عزیز کے لئے زرمبادلہ کما کر قومی خدمت بھی سرانجام دیں گے۔ یہ صرف نوجوانوں کی نہیں ملک و قوم کی خدمت ہے۔حامداطہرملک نے کہاکہ لاکھوں نوجوان اپنے بہتر مستقبل اور نوکریوں کی تلاش میں ہیں ہم انھیں اپنے پاؤں پرکھڑاکرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں آئی ٹی اور ووکیشنل سمیت دیگرفری کورسز کیلئے وفاقی دارالحکومت کے 12ہزارنوجوانوں نے خود کوالخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ رجسٹرڈ کیاتھاجن کا انٹری ٹیسٹ ہوا،سلیکشن کے بعد10اسکل ڈویلپمنٹ سنٹرزمیں ان بچوں اور بچیوں کو فری کورسزکروائے جائیں گے جس کے بعد وہ اس قابل ہوجائیں گے کہ وہ نیشنل اور انٹرنیشنل پلیٹ فارمز سے وابستہ ہوکرباعزت روزگار حاصل کریں۔الخدمت فاؤنڈیشن کی کوشش ہے پاکستانی نوجوان روزگارتلاش کرنے کی بجائے روزگاردینے والے بنیں۔ اس موقع پر ٹیسٹ میں شریک نوجوانوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور یہ عزم کیا کہ اپنے خاندان کی کفالت کے ساتھ انسانیت کی خدمت کیلئے ہر بھی کوشاں رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں