کے یو جے کے سالانہ انتخابات جنوری کے پہلے ہفتے میں ہوں گے
سالانہ جنرل کونسل کا اجلاس رواں ماہ بلانے کا فیصلہ
کسی غیرآئینی اقدام کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، کے یو جے کی مجلس عاملہ کے توسیعی اجلاس میں فیصلہ
بول نیوز سمیت میڈیا ہاوسز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور تاخیر سے ادائیگی پر تشویش کا اظہار
کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سالانہ انتخابات جنوری 2024 کے پہلے ہفتے ہوں گے جبکہ سالانہ جنرل کونسل رواں ماہ ہی بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس بات کا فیصلہ صدر کراچی یونین آف جرنلسٹس کی صدارت میں ہونے والے مجلس عاملہ کے توسیعی اجلاس میں کیا گیا جس میں سابق صدر شاہد اقبال، سابق جنرل سیکریٹری احمد ملک اور سابق نائب صدر اعجاز شیخ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اجلاس میں صدر فہیم صدیقی اور جنرل سیکریٹری لیاقت علی رانا نے صورتحال پر بریفنگ دی اجلاس میں طے پایا کہ کسی بھی غیرآئینی فیصلے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا جنوری کے پہلے ہفتے میں سالانہ انتخابات کا انعقاد کراکر تمام اختیارات اور ریکارڈ آئندہ منتخب ہونے والے مجلس عاملہ کے سپرد کردیا جائے گا اجلاس میں میڈیا انڈسٹری کی موجودہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور بول نیوز سمیت مختلف میڈیا ہاوسز میں تںخواہوں کی عدم ادائیگی اور تاخیر سے ادائیگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی انتظامیہ سے رابطہ کرکے انہیں کے یوجے کی تشویش سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا کے یوجے کے اجلاس میں میڈیا مالکان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر میڈیا ورکرز کو تںخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر کراچی یونین آف جرنلسٹس ان کے دفاتر اور گھروں کا گھیراو کرنے پر مجبور ہوگی