گوانگ ژو (شِنہوا) چینی سرکاری خبر رساں ادارے شِںہوا نے دیگر ممالک کے میڈیا اداروں اور تنظیموں کے ساتھ خبروں اور عملے کے تبادلے اور دوروں کے ساتھ ساتھ مربوط میڈیا کی ترقی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔
دستخط کی تقریب چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہرگوانگ ژو میں 5 ویں عالمی میڈیا سربراہ اجلاس کے دوران منعقد ہوئی۔ 2 دسمبر سے شروع ہونے والی کانفرنس 8 دسمبر تک جاری رہے گی۔
دستخط کی تقریب میں شِںہوا کے صدر فو ہوا اور ارجنٹائن، فلپائن، روس، برونڈی اور بارباڈوس کی میڈیا تنظیموں اور سرکاری محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پرمیڈیا اداروں کے نمائندوں نے کہا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شِنہوا اور دیگر چینی میڈیا کے ساتھ تبادلوں، باہمی سیکھنے اور عملی تعاون کو مضبوط بنانے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے انہیں چین بارے گہری اور زیادہ جامع سمجھ بوجھ حاصل کرنے اور مختلف ممالک کے درمیان لوگوں کے مابین رابطے بڑھانے ، عالمی امن اور ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
شِنہوا نے اب تک دنیا بھر میں 3 ہزار 600 سے زائد اداروں کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں جن میں میڈیا ادارے، سرکاری محکمے اور اعلیٰ تعلیم کے ادارے شامل ہیں۔
پانچویں عالمی میڈیا سربراہ کانفرنس میں 101 ممالک اور خطوں سے 450 سے زائد شرکاء شرکت کررہے ہیں جن میں 197 مرکزی میڈیا اداروں، تھنک ٹینکس، سرکاری ایجنسیوں، چین میں سفارتی مشنز کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شامل ہیں۔
اس کانفرنس کا موضوع ” عالمی اعتماد میں اضافہ، میڈیا کی ترقی کا فروغ ” ہے۔