مظفرآباد/غازی آباد( )وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کی غازی آباد مجاہد اول سردارمحمد عبدالقیوم خان کے مزار پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی۔وزیر حکومت میاں عبدالوحید، وزیر حکومت کرنل وقار نور،وزیر حکومت سردار ضیاء القمر،پیر مظہر الحق شاہ،وزیر حکومت انصر ابدالی،مشیر حکومت سردار احمد صغیر بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ مجاہد اول نے تحریک آزادی کشمیر،نظریہ الحاق پاکستان،استحکام پاکستان ریاستی تشخص کیلئے جدوجہد کاآغاز کیا مجاہد اول جیسی تاریخ ساز ساز، ہمہ جہت اور دور اندیش شخصیات نہ صرف صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں بلکہ ان کے نظریاتی اور افکار صدیوں پر محیط ہوتے ہیں۔ ان عظیم شخصیات کا وجود کسی بھی قوم کیلئے خوش نصیبی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ لوگ کسی خاص علاقے کیلئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے سرمایہ ہوتے ہیں۔ آزادکشمیر کے عوام اس لحاظ سے خوشد نصیب ہیں کہ انہیں 60سال تک مسلسل مجاہد اول کی مدبرانہ،مومنانہ بے مثال قیادت سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان پاکستان میں ہی نہیں عالمی سطح پر کشمیریوں کی پہچان تھے جنہوں نے ساری زندگی ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول،قومی وقار،ریاستی تشخص،نظریہ الحاق پاکستان کے لیئے وقف کر رکھی تھی سردار عبدالقیوم خان ایک نڈر،جرات مند،دلیر،بے باک اور فلسفہ خودداری کی زندہ مثال تھے جنہوں نے مشکل ترین نامساعد حالات میں ڈوگرہ اسبتداد کے خلاف قوم کو متحد کر کے اپنی آزادی کے لیئے جہاد کا آغاز کیا مرحوم حق گوئی،بے باکی،اصول پسندی،خدا ترسی اوربلاتخصیص خدمت خلق کرنے میں اپنی مثال آپ تھے اور عہد صدارت اور دور وزارت عظمیٰ میں تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشتے رہے۔اس موقع پر سردار عرفان عباسی، راجہ محمد منیر خان، ٹھیکیدار شاہد عباسی،راجہ تبارک علی خان،راجہ عبدالستار، حافظ عبدالصمد، عبدالسمیع عباسی، راجہ عبدالجبار خان، اظہارالحق عباسی، عدیل عباسی اور دیگر مسلم کانفرنسی کارکنان بھی اس موقع پر موجود تھے۔