یونائیٹڈ بزنس گروپ بھاری اکثریت سے ایف پی سی سی آئی الیکشن جیتے گا،ظفر بختاوری
الیکشن جیتنے کے بعد موجودہ معاشی صورتحال کے تناظر میںبزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے کردار ادا کروں گا، عاطف اکرام شیخ
گروپ لیڈر آل چیمبر آف کامرس جی بی قربان علی کا یو نائیٹڈ بزنس گروپ میں شمولیت کااعلان ،ایف پی سی سی آئی انتخابات میں یو بی جی کے صدارتی امیدوار عاطف اکرام شیخ کی الیکشن مہم کا آغاز
اسلام آباد ()یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ ان کا گروپ ایف پی سی سی آئی کے الیکشن کیلئے تیار ہے،دھاندلی کی کوششوں کے باوجود ہمارا گروپ جیتے گا،پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کی سپورٹ ہمارے ساتھ ہے۔پاکستان جن معاشی مشکلات کا شکار ہے ہمیں کمیونٹی کے سب سے بڑے فورم پر فعال لیڈر شپ کی ضرورت ہے۔اقتدار کے ایوانوں اور فیصلہ ساز قوتوں تک اپنی آواز پہنچانے کیلئے یو بی جی نے بہترین امیدوار کو میدان میں اتارا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گلگت بلتستان کے معروف بزنس لیڈر، گروپ لیڈر آل چیمبر آف کامرس گلگت بلتستان قربان علی نے یو نائیٹڈ بزنس گروپ میں شمولیت کے اعلان کیا۔پریس کانفرنس سے یو بی جی کے صدارتی امیدوار عاطف اکرم شیخ ،سندھ کے صدر خالد تواب،پنجاب سے مومن علی ،صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس احسن بختاوری،نائب صدر انجینئر اظہر السلام،گروپ لیڈر فائونڈر گروپ خالد اقبال ملک سمیت دیگر قیادت نے بھی خطاب کیا۔ظفر بختاوری نے کہا کہ ملک کے بزنس لیڈر شپ موجودہ معاشی صورتحال کی برابر کی زمہ دار ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے اقدامات کی وجہ سے معیشت بہتر ہو رہی ہے، ہمیں ایسے لوگوں کو سامنے لانا ہو گا جو ملک معیشت کی بہتری کیلئے کردار ادا کر سکیں، معیشت کی بہتری کیلئے شرح سود کو سنگل ڈیجیٹ میں کیا جائے، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے، الیکشن کرانے سے ہی ملک میں سیاسی استحکام اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا، ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں اس مرتبہ اسلام آباد چیمبر کی باری تھی ، جس کیلئے ہم نے بہترین امیدوار میدان میں اتارا ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے عاطف اکرام شیخ کو ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں صدر کیلئے امیدوار نامزد کیا گیا ہے، قربان علی کی شمولیت سے یو بی جی مزید مضبوط ہو گی،اس دفعہ الیکشن واضح اکثریت سے جیتیں گے، گروپ لیڈر آل چیمبر آف کامرس گلگت بلتستان قربان علی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں نو چیمبرز باڈیز ہیں جن میں سے 8 آج یو بی جی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، ہمارا ظفر بختاوری اور یونائٹڈ بزنس گروپ سے پرانا رشتہ ہے،عاطف اکرام شیخ جیتے ہوئے امیدوار ہیں، ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، عاطف اکرام شیخ کی جیت سے جی بی میں ہم مزید مضبوط ہونگے۔صدراتی امیدوار برائے ایف پی سی سی آئی الیکشن عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ نامزدگی اور اعتماد کا اظہار کرنے پر اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کا مشکور ہوں، قربان علی اور دیگر دوستوں کی شمولیت سے یو بی جی مزید مضبوط ہو گی، آج سے ایف پی سی سی آئی الیکشن کیلئے مہم شروع کر رہے ہیں، فیڈریشن کا الیکشن جیتنے کے بعد بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے کردار ادا کروں گا، ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کے تناظر میں بزنس کمیونٹی کے مسائل حکومت کے سامنے رکھیں گے، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے مرکزی رہنما خالد تواب نے کہا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی مشکلات کا شکار، انڈسٹری بند ہو رہی ہے، اسمگلنگ کے خاتمے اور بیرونی سرمایہ کاری لانے میں آرمی چیف کا کردار قابل تحسین ہے، ملک ہے تو ہم ہے، بہتر سے بہترین لوگوں کو سامنے لانا ہو گا۔ایف پی سی سی آئی الیکشن کا اعلان ہوتے ہی دھاندلی کا آغاز ہو گیا ہے، الیکشن کمیشن ایسا بنایا جاتا ہے جو دونوں فریقین کو قابل قبول ہو، ایک آدمی کو تبدیل کرنا کافی نہیں، پورے الیکشن کمیشن کو تبدیل کیا جائے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ ریٹائرڈ ججز پر مشتمل الیکشن کمیشن بنایا جائے۔آج فیڈریشن کی کہیں بات نہیں سنی جا رہی۔ہمارا مقصد صرف فیڈریشن کا الیکشن جیتنا نہیں،بلکہ ملکی معیشت میں بہتری لانا اور فیڈریشن کی ساکھ بحال کرنا ہے۔یونائیٹڈ بزنس گروپ پنجاب کے رہنما مومن علی ملک نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر نے عاطف اکرام شیخ کی صورت میں بہترین امیدوار کا انتخاب کیا ہے، انشاللہ یو بی جی فیڈریشن کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی، صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس احسن بختاوری نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے کندھوں پر بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے، گلگت بلتستان کو ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا ہے، سی پیک آنے سے صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔فیڈریشن کے آنے والے صدر گلگت بلتستان کے مسائل اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔اسلام آباد چیمبر کی طرف سے گلگت بلتستان میں ٹورزم سمٹ منعقد کروائی تھی۔گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ چیئرمین فانڈر گروپ خالد اقبال ملک نے کہا کہ عاطف اکرام شیخ جیت کے بعد بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرینگے۔