سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس اور سینئر ترین جج جسٹس عرفان سعادت کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس کا انعقاد ہوا۔فل کورٹ ریفرنس چیف جسٹس کے کمرۂ عدالت نمبر 1 میں ہوا۔ ریفرنس میں سندھ ہائیکورٹ کے تمام ججز، بار کے رہنماؤں اور سنیئر وکلاء نے شرکت کی۔
سندھ ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے کیا گیا جس کے بعد سینئر ایڈووکیٹ اختر حسین میمبر جوڈیشل کمیشن آف پاکستان، ایڈووکیٹ حسن اکبر ایڈووکیٹ جنرل آف سندھ سمیت دیگر سینئر وکلاء نے خطاب کیا۔ وکلاء نے عدل و انصاف قائم رکھنے اور قانون کی حکمرانی میں جسٹس عرفان سعادت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ہمیشہ پیشہ ورانہ مہارت سے وکلاء و سائلین کے ساتھ شفقت بھرا رویہ رکھا۔ اور انکے کیے گئے فیصلے قانون کے لئے مثالی حیثیت رکھتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ بار اور بینچ کے رشتہ ایک دوسرے سے منسلک ہے جس میں کجھ دوریاں پیدا ہوگئی تھی جس کو جسٹس عرفان سعادت کی بدولت کم کیا گیا۔ قلیل وقت میں وکلاءکی فلاح کے لئے لئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔
فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندہ ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس عقیل احمد عباسی نے کہا کہ 14 برس پہلے جب ہم آئے تب جوڈیشل کرائسس تھا کام کا لوڈ بھی تھا دن رات کام کرکے عوامی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ وکلا کا جوڈیشل تحریک کے حوالے سے کردار قابل رشک ہے وکلا حق پر کھڑے تھے کسی اور سے احکامات نہیں لیتے تھے۔ ہم نے دیانت کے ساتھ وکالت بھی کی اور بطور جج بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ عرفان صاحب نے اپنے کیریر میں پندرہ ہزار مقدمات پر فیصلے کئے بینچ یا کسی جج سے کبھی کوئی شکایت نہیں آئی۔ جسٹس عرفان صاحب کے لئے جوڈیشل کمیشن نے متفقہ طور پر منظوری دی ہے جو کہ ان کی عمدہ کارکردگی کا اعتراف ہے۔
تقریب کے اختتام پر قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عرفان سعادت نے تقریب میں شریک تمام ججز، وکلاء، میڈیا نمائندگان اور عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عزت اور ذلت اللہ کی طرف سے ہے۔ میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ اللّٰہ کو حاضر ناظر جان کر عدل وانصاف کے مطابق فیصلے کروں۔ 14 سال کے عرصے میں کیے گئے تقریباً 15 ھزار فیصلوں کی تمام زمیداری مجھ پر عائد ہوتی ہے۔ اختتام میں انھوں نے نئے آنے والے چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔