اریانا افغان ایئرلائنز نے پاکستانی کمپنی سے ٹکٹنگ اور آپریشنل نظام کا کنٹرول واپس لے لیا
کابل: اریانا افغان ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ اس کے ٹکٹنگ، آپریشنل سسٹمز اور ویب سائٹ کا انتظام اب پاکستانی کمپنی ’زپ ویز‘ (Zapways) کے پاس نہیں رہا، جبکہ ایئرلائن نے اپنا نیا ٹکٹنگ اور آپریشنل نظام باضابطہ طور پر فعال کردیا ہے۔
اریانا افغان ایئرلائنز کے مطابق پاکستانی کمپنی زپ ویز گزشتہ تقریباً 15 برس سے ایئرلائن کے سسٹمز کا انتظام سنبھال رہی تھی، جس کے لیے بھاری فیس وصول کی جاتی رہی، تاہم فراہم کی جانے والی خدمات مطلوبہ معیار پر پوری نہیں اترتی تھیں۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اس نے اب کم لاگت میں زیادہ مضبوط، جدید اور معیاری ٹکٹنگ سسٹم اور ویب سائٹ تیار کی ہے، جس کا مقصد مسافروں اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اریانا کے مطابق یہ منتقلی ایئرلائن کی قیادت کی خصوصی نگرانی اور ہدایات کے تحت مکمل کی گئی، جس کے ذریعے آن لائن سسٹمز کی خودمختاری مضبوط، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو جدید اور معیاری، تکنیکی صلاحیت کو بہتر اور سروسز کے معیار کو بلند کیا جائے گا۔
ایئرلائن نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی کمپنی کو خطیر ادائیگیاں کیے جانے کے باوجود اس نے ایئرلائن کے سسٹمز پر خصوصی کنٹرول برقرار رکھا اور تکنیکی معلومات سمیت سسٹم سے متعلق ڈیٹا بھی اپنے قبضے میں رکھا۔
اریانا افغان ایئرلائنز نے اپنے نئے ٹکٹنگ اور آپریشنل نظام کے باضابطہ اجرا کو محض تکنیکی تبدیلی قرار دینے کے بجائے انتظامی، آپریشنل اور تجارتی سرگرمیوں کی ڈیجیٹلائزیشن اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق نئے نظام کا مقصد خدمات کو مزید جدید، معیاری اور مؤثر بنانا اور انہیں بین الاقوامی ہوا بازی کے معیار سے ہم آہنگ کرنا ہے۔